1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی گانا، یو ٹیوب پر صارفین کی توجہ کا مرکز

21 اکتوبر 2011

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر ان دنوں طنز و مزاح سے بھرپور ایک پاکستانی گانا صارفین کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔ اس گانے میں پاکستانی سیاستدانوں، فوجی قیادت، بدعنوانی اور دیگر معاشرتی مسائل کو موضوع بنایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12wKJ
تصویر: Omar Majeed

فیس بک سمیت متعدد سماجی رابطے کی ویب سائٹس کے ذریعے منظر عام پر آنے والے اس گانے کو چند روز ہی میں ایک لاکھ سے زائد افراد ملاحظہ کر چکے ہیں۔ ایک چھوٹے غیر معروف پاپ بینڈ ’بے غیرت بریگیڈ‘ کے تیارکردہ اس گانے میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان اقتدار کے حصول کے لیے جاری رسہ کشی اور معاشرے میں تشدد کے رجحان پر بھی طنز کیا گیا ہے۔

Filmstill Taqwacore - the birth of Punk Islam
پاکستانی میں متعدد نوجوان اس سے قبل بھی سیاسی موضوعات کو گیتوں میں شامل کر چکے ہیںتصویر: Omar Majeed

اس سے قبل بھی سیاسی اور مذہبی انتہاپسندی کے موضوعات پر متعدد طنزیہ گیت سامنے آچکے ہیں، مگر ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی گیت میں فوجی سربراہ اشفاق پرویز کیانی کو براہ راست طنز کا نشانہ بنایا گیا ہو۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے ان تینوں سنگرز ا پنے گیت میں کہتے ہیں کہ محض اپنی ملازمت میں توسیع کے لیے فوجی سربراہ عسکریت پسندی کے خلاف آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ اس سے مراد فوجی سربراہ کے طور پر دور ملازمت میں کیا گیا تین برس کا اضافہ ہے۔

اس گیت میں ملک میں مذہبی انتہا پسندی کے رجحان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ رواں برس کے آغاز میں ایک سکیورٹی گارڈ ممتاز قادری کے ہاتھوں پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کی ہلاکت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ گانے میں اس حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ ممتاز قادری کے اتنے حامی معاشرے میں موجود ہیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس نے قانون ہاتھ میں لیا۔ گانے کے ایک مصرعے میں ممبئی حملوں میں واحد زندہ گرفتار کیے جانے والے حملہ آور اجمل قصاب کی پاکستان میں مقبولیت پر بھی طنز کیا گیا ہے۔

ان نوجوان گلوکاروں نے سن 2007ء میں اسلام آباد میں قائم لال مسجد پر سکیورٹی فورسز کے حملے کے بعد وہاں سے برقعے میں فرار ہونے والے مولانا عبدالعزیز پر بھی اشاراتاﹰ طنز کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں