پاکستان اور چین کا ’پکی دوستی‘ کا عہد
18 مئی 2011چینی وزیراعظم وین جیاباؤ اور ان کے پاکستانی ہم منصب کے درمیان بند کمرے میں ہونے والی ملاقات سے قبل وین جیا باؤ نے اپنے مہمان پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں بیجنگ کے ’عظیم عوامی ہال‘ میں ایک خیرمقدمی تقریب کا اہتمام کیا۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی Xinhua کے مطابق اپنے مختصر خطاب میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک ہر آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی کو برقرار رکھیں گے۔
چینی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے مذاکرات کے دوران وین جیا باؤ کو بتایا کہ چین نہ صرف پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے بلکہ وہ دفاعی پالیسیوں کے نقطہ نظر سے آزمودہ ساتھی بھی ہے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا: ’’ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ایک عظیم کردار ادا کیا ہے اور عظیم قربانیاں دی ہیں۔‘‘ وین جیاباؤ کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کی تعمیر نو کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا، اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے علاوہ تجارتی، معاشی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
پاکستانی اور چینی وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد ان دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے۔ ان میں دفاع، بینکاری اور معاشی تعاون کے سمجھوتے شامل ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے پیر کے روز کہا تھا کہ چین وہ پہلا ملک ہے جس نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ اتحاد اور یکجتی کا اظہار کیا۔
پاکستان کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان نے چین میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان کے حوالے سےبتایا ہے کہ وزیراعظم گیلانی چین کی خلائی ٹیکنالوجی اکیڈمی کے علاوہ ’چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن‘ کا دورہ بھی کریں گے۔ یہ ادارہ PAKSAT-1R نامی مصنوعی سیارہ تیار کر رہا ہے جو پاکستان کے یوم آزادی یعنی 14 اگست کو خلاء میں روانہ کیا جائے گا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: امتیاز احمد