1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ڈینگی بخار کےواقعات میں اضافہ

23 اکتوبر 2010

پاکستان میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کئی طبی ماہرین کے مطابق ملک میں ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/PlMP
ایک خطرناک مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی بیماریتصویر: picture-alliance

ایک خطرناک مچھر کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی یہ بیماری صوبہ سندھ میں سینکڑوں افراد کو ہسپتالوں میں پہنچانے کے بعد اب ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی پہنچ چکی ہے۔

صوبہء پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، سیالکوٹ اور مظفر گڑھ میں ڈینگی وائرس کی موجودگی کی سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے۔ صوبائی محکمہء صحت کے ترجمان ڈاکٹر انعام اﷲ ضیغم نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ پنجاب میں ڈینگی بخار کے شکار لوگوں کی تعداد 613 ہوگئی ہے جبکہ صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایسے مریضوں کی تعداد 500 کے قریب بنتی ہے۔

تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی قائم کردہ صحت سے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر اسد اشرف کہتے ہیں کہ ڈینگی بخار کے غیر رجسٹرڈ واقعات کی تعداد پنجاب میں تشویشناک حد تک زیادہ ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھارت میں بھی ڈینگی بخار کی وجہ سے متعدد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

Dengue-Fieber - Mücke
تصویر: picture-alliance/dpa

ڈینگی بخار کے مریضوں کے لئے پنجاب کے ہسپتالوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان مریضوں کے لئے الگ وارڈ بنا دئے گئے ہیں جبکہ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں لائے جانے والے بخار کے ہر مریض کے ڈینگی بخار کے حوالے سے ٹیسٹ بھی کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ڈینگی بخار کے مریضوں کی بہتر آگہی کے لئے ایک ٹیلی فون ہیلپ لائن بھی قائم کر دی ہے، جس کا نمبر ہے: 042/99200401

ڈینگی بخار پانی میں پرورش پانے والے ایک خاص مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے ۔ اس مرض کی علامات میں تیز بخار، شدید سر درد، آنکھوں کا دکھنا اور جسم پر دانے نکلنا شامل ہیں۔ بر وقت طبی امداد نہ ملنے پر مریض کے ناک اور مسوڑوں سے خون بھی رسنا شروع ہو سکتا ہے۔ مناسب طبی امداد نہ ملنے پر یہ مرض جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی بخار زیادہ تر متاثرہ شخص کے خون کے انتقال سے دوسرے لوگوں تک پہنچتا ہے۔ کسی مریض کو چھونے یا اس کے ساتھ کھانا کھانے سے یہ وائرس دوسرے لوگوں تک نہیں پہنچتا۔

بعض رپورٹوں کے مطابق جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو بھی ڈینگی وائرس کی وجہ سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سےتصدیق کے لئے جماعت الدعوہ کےحکام سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں