1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان پر نگاہ رکھنے کے لیے بھارت کی ڈرونزکی ہنگامی خریداری

جاوید اختر، نئی دہلی
26 اکتوبر 2022

بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی ڈرونز اکثر دکھائی دیے ہیں اور ان میں سے بعض کو مار گرایا گیا ہے۔ بھارتی فوج سرحد پر نگاہ رکھنے کے لیے 750 ڈرونز ہنگامی طور پر خرید رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Igcz
SHIFT -  Drohne
تصویر: Pedro Henrique Santos/Unsplash

 

بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق بھارتی آرمی کی جانب سے ڈرونز کی اس ہنگامی خریداری کو دشمنوں پر حملہ کرنے کے لیے اپنی اسپیشل فورسزکی قوت کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ ڈرونز فاسٹ ٹریک خریداری کے ضابطوں کے تحت خریدے جا رہے ہیں۔

بھارتی فوج کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا تھا کہ "بھارتی فوج نے بھارتی حکومت کی جانب سے دفاعی افواج کو دیے گئے فاسٹ ٹریک خریداری کے اختیارات کے تحت 750 ڈرونز خریدنے کے لیے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔" یہ ٹینڈر 25 اکتوبر کو جاری کیے گئے۔

پاکستانی حدود میں میزائل گرنے کے دعویٰ پر بھارت کی خاموشی

پاکستان بھارتی میزائل پر جوابی کارروائی کرنے ہی والا تھا، لیکن پھر

جن 750 ڈرونز کو ہنگامی طور پر خریدا جا رہا ہے، انہیں آرمی کے پیراشوٹ (اسپیشل فورسز) بٹالین کے حوالے کیا جائے گا۔ اس بٹالین کو دشمن کی لائن کے خلاف خصوصی مشن انجام دینے کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ لہذا اسے جدید ترین آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔

بھارتی فوج کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ جس 'ریموٹلی پائلٹیڈ ایریئل وہیکل' (آر پی اے وی) ڈرونز کی خریداری کے ٹینڈرجاری کیے گئے ہیں وہ ایک جدید ترین آلہ ہے جو دن رات ہرطرح کے حالات میں ہر وقت کام کر سکتا ہے اور اپنے ہدف کا پتہ لگا سکتا ہے۔

بھارتی فوج اس آر پی اے وی ڈورنز کے ذریعہ حاصل شدہ تھری ڈی امیج کا اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے خصوصی مشن میں استعمال کر سکتی ہے۔

بھارتی فوجی عہدیدار کا کہنا تھا، "یہ آلہ موقع کی مناسبت سے معلومات حاصل کرنے، مختصر دوری کی نگرانی، ہدف والے علاقے کو اسکیننگ کرنے اور ہدف کا 3ڈی امیج حاصل کرنے کے استعمال کیا جائے گا تاکہ اس کی مدد سے اہداف والے علاقے میں داخل ہونے سے قبل منصوبہ بندی کی جاسکے۔"

بھارتی فوج نے اب تک جن 23 پاکستانی ڈرونز کو مار گرایا ہے ان میں 13 صرف اس برس مار گرائے گئے
بھارتی فوج نے اب تک جن 23 پاکستانی ڈرونز کو مار گرایا ہے ان میں 13 صرف اس برس مار گرائے گئےتصویر: Andy Dean/imagebroker/IMAGO

ڈرونز کی خریداری کا مقصد پاکستانی اہداف کو ہدف نشانہ بنانا

بھارتی میڈیا نے بھارتی فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان جدید ترین ڈرونز کی خریداری کا مقصد بظاہر سرحد پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنا اور ان کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب بین الاقوامی سرحد پر حالیہ دنوں میں متعدد پاکستانی ڈرونز دیکھے گئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق بھارتی فوج نے اب تک جن 23 پاکستانی ڈرونز کو مار گرایا ہے ان میں 13 صرف اس برس مار گرائے گئے۔

ماہرین کے مطابق آر پی اے وی ڈرونز 15 کلومیٹر کے دائرے میں اپنا مشن انجام دے سکتے ہیں۔ اور اگر ان کی کارکردگی اچھی پائی گئی تو مزید بڑی تعداد میں ان کی خریداری کے آرڈر دیے جائیں گے۔

بھارت: جوہری آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے والا چھٹا ملک

فنڈ کی کمی کے سبب بھارتی بحریہ کا توسیعی منصوبہ متاثر

دفاعی امور کے ماہر ریٹائرڈ لفٹننٹ جنرل وی کے چترویدی کا کہنا تھا کہ "ڈرونز، ہتھیاروں کے نظام اور چوکسی یا انٹلیجنس کے حصول، دونوں لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ بہت سارے کام انجام دے سکتے ہیں اور یہ جنگ کا مستقبل ہیں۔ ڈرونز کسی ہدف کو اچوک نشانہ بنانے اور خفیہ معلومات اکٹھا کرنے میں انتہائی موثر رول ادا کرتے ہیں۔"

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید