پوٹن کی طرف سے لفظ ’جنگ‘ کے استعمال پر نیا تنازعہ
23 دسمبر 2022سینٹ پیٹرز برگ کے ایک قانون دان نیکیتا یوفیروف نے جمعرات کی رات ایک ٹویٹ میں لکھا،'' پوٹن نے یوکرین کے ساتھ تنازعے کو جنگکہا۔ ایسا کرنے پر رواں سال روس میں ہزاروں افراد کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔'' نیکیتا یوفیروف کا مزید کہنا تھا کہ،'' پوٹن کے لفظ کے استعمال نے 'فوج کو بدنام' کیا ہے اور یہ بھی قابل سزا جرم ہے۔''
پوٹن نے کیا کہا تھا؟
جمعرات بائیس دسمبر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے واضح طور پر کہا تھا،''ہمارا مقصد فوجی تصادم کے گھن چکر کو گھمانا نہیں ہے، بلکہ اس کے برعکس، اس جنگ کو ختم کرنا ہے۔'' حملے کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ پوٹن نے جنگ کی اصطلاح کا استعمال کیا۔ پوٹن نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس جنگ کا خاتمہ جتنا جلد ہو اتنا ہی بہتر ہوگا۔ روسی صدر نے ساتھ ہی امریکہ پر الزام لگایا کہ وہروسکو کمزور کرنے کے لیے یوکرین جنگ کا استعمال کر رہا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ دشمنی کی شدت ہمیشہ نقصانات کا سبب بنتی ہے اور تمام مسلح تنازعات سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ہی ختم ہوتے ہیں۔
پوٹن کے خلاف شکایت درج
روسی اپوزیشن کے سیاست دان نیکیتا یوفیروف کے مطابق انہوں نے روس کی وزارت خارجہ اور استغاثہ دفتر کو شکایات درج کرائی ہیں تاہم اس کی کامیابی کے امکانات بہت کم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کریملن کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے متعدد افراد ممنوعہ لفظ ''جنگ'' کا استعمال کر چُکے ہیں تاہم ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔
یہاں تک کہ جب ایک روسی سرکاری ٹیلی وژن آر ٹی کے ایک صحافی نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ یوکرینی بچوں کو جلا کر ڈبو دیا جائے، تب بھی میڈیا ریگولیٹرز نے اس بیان قابل سزا نہیں سمجھا تھا۔ گزشتہ ستمبر میں نیکیتا یوفیروف کو اُس وقت جرمانہ ادا کرنا پڑا تھا اور ان پر روسی فوج کو بدنام کرنے کا الزام لگا تھا جب انہوں نے پوٹن پر یوکرین کی جنگ شروع کرکے ملک کے ساتھ غداری کا الزام لگایا تھا۔
نازک مرحلہ
واضح رہے کہ یوکرین اور امریکہ کی طرف سے اپنی دوستی اور قربت کے بڑھتے ہوئے اظہار کے بعد سے روس اور یوکرین کی جنگ کی جہتیں بدلتی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بدھ کے روز واشنگٹن پہنچنے پر زیلنسکی کے غیر معمولی استقبال اور بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے یوکرین کو 1.8ارب ڈالر کے فوجی سازوسامان بشمول پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کے وعدے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پوٹن نے کہا تھا کہ ان اقدامات سے یوکرین تنازعے کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا تھا،''جو لوگ ہم سے مقابلہ کر رہے ہیں ان کا کہنا ہےکہ یہ ہتھیار دفاعی استعمال کے لیے ہیں لیکن اس کا توڑ ہمیشہ موجود رہے گا۔''
نیا یوکرین پوٹن کے لیے ایک بھیانک خواب، تبصرہ
ک م/ ش ر ( ڈی پی اے)