پچاسویں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی پچاس رنز سے جیت
30 نومبر 2011بنگلہ دیش کو ہراتے ہوئے پاکستان نے اپنی جیت کا وہ سلسلہ برقرار رکھا ہے، جو متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں جیت کے ساتھ شروع ہوا۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنائے۔ تاہم بنگلہ دیش کی ٹیم بعد ازاں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر پچاسی رنز ہی بنا پائی۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے گیارہ رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔ شعیب ملک نے تین گیندوں میں دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں یہ پاکستان کی مسلسل پانچویں جیت تھی۔
سترھویں اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر ان کے رنز 69 تھے۔ یہ وہ موقع تھا جب بنگلہ دیش کی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کھیلوں میں اپنے اب تک کے کم ترین مجموعی اسکور 78 سے بھی کم پر آؤٹ ہونے کا خدشہ تھا۔ گزشتہ برس ہملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم اٹھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
تاہم ناصر حسین کے ناقابل شکست پینتیس رنز کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم اس اسکور سے آگے نکلنے میں کامیابی رہی۔ انہوں نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت اپنی ٹیم کے لیے اس بات کو یقینی بنایا اور کھیل کے بیس اوور مکمل کیے۔
بعدازاں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے گزشتہ ماہ سے جاری اپنی ٹیم کی کامیابیوں پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: ’’ٹیم کے لیے یہ اچھا وقت ہے کیونکہ ہم واقعی بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ یہ بہت زبردست بات ہے کہ ہر کوئی اچھا کھیل پیش کر رہا ہے۔‘‘
مصباح نے کہا کہ انہیں ڈیڑھ سو تک کے ہدف کا دفاع کرنے کی اُمید تھی کیونکہ یہ بیٹنگ کے لیے مشکل وِکٹ تھی۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحمان نے کہا کہ کہ ایسی پِچ پر پاکستان جیسی ٹیم کو شکست دینا مشکل تھا۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: شامل شمس