پیرا ملٹری اکیڈمی پر حملہ اسامہ کے ’قتل‘ کا بدلہ ہے، طالبان
13 مئی 2011پاکستانی طالبان کے ایک ترجمان نے خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چارسدہ میں فرنٹیئر کور کے تربیتی مرکز پر حملہ ان کے ساتھیوں نے کیا۔ طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ایک نامعلوم مقام سے فون کرتے ہوئے مزید کہا: ’’ یہ اسامہ بن لادن کی شہادت کا پہلا بدلہ ہے۔ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘
چارسدہ میں قائم پیرا ملٹری فورس کے ٹریننگ سینٹر پر آج صبح ہونے والے دوہرے خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
ضلع چارسدہ کے پولیس چیف نثار مروت نے قبل ازیں روئٹرز کو بتایا، ’ہلاکتوں کی تعداد اب 70 ہو چکی ہے۔ یہ خودکش حملہ تھا۔‘ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں 65 پیرا ملٹری اہلکار ہیں جبکہ پانچ شہری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا بم حملہ تھا۔ پولیس اہلکار ضیا اللہ نے روئٹرز کو بتایا: ’’متعدد افراد شدید زخمی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔‘‘
القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد میں ایک خفیہ امریکی آپریشن کے دوران دو مئی کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں یہ پہلا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ القاعدہ اور اس سے وابستہ گروپوں نے لادن کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک