1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیلن کا ای میل اکاؤنٹ ہیک، نوجوان کو سزا

1 مئی 2010

امریکی ریاست ٹینیسی کی ایک عدالت نے ایک سابق طالب علم پر سارا پیلن کے ای میل اکاؤنٹ کی ہیکنگ کے الزامات ثابت ہو جانے پر سزا سنا دی ہے۔ یہ نوجوان سارا پیلین کے ای امیل اکاؤنٹ میں داخل ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/NCCr
تصویر: picture-alliance/ dpa

22 سالہ ڈیوڈ کرنیل پر الزام عائد تھا کہ اُس نے ایک کمپیوٹر کو غیر قانونی طور پر استعمال کیا۔ ایک ڈیموکریٹ قانون ساز کے اس بیٹے کو بیس برس کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ ہیکنگ کے ایک الگ الزام کے تحت اس نوجوان کو مزید ایک برس قید میں گزارنا ہو گا۔

اس نوجوان نے سن 2008ء میں ری پبلکن پارٹی کی طرف سے نائب صدارتی امیدوار سارا پیلن کے ای میل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ جیوری اس نوجوان پر لگائے گئے اُن الزامات پر متفق نہ ہو پائی، جن میں کہا گیا تھا کہ ڈیوڈ کرنیل نے ای میل شناخت کی چوری بھی کی تھی۔ ای میل اکاؤنٹ ٹھیک اُس وقت ہیک کیا گیا تھا، جب سارا پیلن ری پبلکن صدارتی مہم میں مصروف تھیں۔

Sarah Palin im Wahlkampf mit John McCain
یہ اکاؤنٹ اس وقت ہیک کیا گیا تھا، جب سارا پیلن اپنی انتخابی مہم چلا رہی تھیںتصویر: AP

وکیل صفائی ویڈ ڈیوس کے مطابق ان کے مؤکل نے جس وقت یہ جرم کیا، اس وقت وہ ٹینیسی یونیورسٹی کے طالب علم تھے اور اس کام کو جرم کی بجائے کسی یونیورسٹی طالب علم کی طرف سے محض ایک مذاق کے طور پر دیکھا جانا چاہئے تھا۔ تاہم وکیل استغاثہ نے اس موقف کا اظہار کیا کہ ڈیوڈ کرنیل کے اس اقدام کا مقصد قومی انتخابات کو غیر قانونی طریقے سے نقصان پہنچانا تھا۔ جیوری کو اس فیصلے تک پہنچنے میں چار روز لگے۔

امریکی ریاست الاسکا کی سابق گورنر اور گزشتہ انتخابات میں ری پبلکن جماعت کی نائب صدارتی امیدوار سارا پیلن نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر ارسال کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ جیوری کے اس فیصلے سے خوش ہیں کہ اس نے تمام تر شواہد اور ثبوت دیکھنے کے بعد اپنا یہ فیصلہ سنایا۔

ڈیوڈ کرنیل کے والد ٹینیسی ریاست سے رکن ایوانِ نمائندگان ہیں اور اُن کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ انہوں نے جیوری کا شکریہ ادا کیا کہ عدالت نے اس فیصلے کو سنانے میں اپنا پورا وقت لیا اور مفصل چھان بین کے بعد ہی اپنا فیصلہ دیا۔

جمعے کے روز سارا پیلن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ برس ڈیوڈ کرنیل نے ان کا یاہو ای میل اکاؤنٹ ہیک کر کے ان میلز تک رسائی حاصل کی تھی، جن میں سارا پیلن نے اپنے گھر والوں سے بات چیت کی تھی اور انہیں صدارتی مہم کے حوالے سے تفصیلات بتائی تھیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی