1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین: ہولناک سمندری طوفان، ایک ملین افراد کا انخلاء

امجد علی11 جولائی 2015

مشرقی چین میں ایک انتہائی طاقتور سمندری طوفان نے فضائی ٹریفک اور ریلوے کے نظام کے ساتھ ساتھ بحری جہازوں کی آمد و رفت کو بھی بری طرح سے متاثر کیا ہے جبکہ ایک ملین سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1FxBJ
Super-Taifun Chan-Hom Roter Alarm im Südosten Chinas
اس طوفان کے ساتھ دیو ہیکل سمندری لہریں چین کے مشرقی ساحلوں سے ٹکرا رہی ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo

نیوز ایجنسی روئٹرز نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہریوں کے انحلاء کی یہ کارروائیاں ژے جیانگ اور جیانگ سُو نامی صوبوں میں عمل میں لائی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چین کے مشرقی ساحلوں کو اپنی لپیٹ میں لینے والا ’چَن ہوم‘ نامی یہ طوفان 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ژُو شان نامی شہر سے ٹکرایا ہے۔ ٹکرانے سے پہلے اس کی رفتار اس سے بھی زیادہ یعنی 175 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی تھی۔

چین کے قومی موسمیاتی مرکز کے مطابق 1949ء میں عوامی جمہوریہٴ چین میں کمیونسٹ پارٹی کے برسرِاقتدار آنے کے بعد سے غالباً یہ اپنی نوعیت کا طاقتور ترین سمندری طوفان ہے، جو صوبے ژے جیانگ سے ٹکرایا ہے۔ چند روز کے اندر اندر یہ دوسرا طوفان ہے، جس نے چین کو متاثر کیا ہے۔ اس سے پہلے لِنفا نامی طوفان جنوب کی طرف واقع صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرایا تھا۔

سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چین کا کاروباری مرکز کہلانےوالے شہر شنگھائی میں پوڈانگ انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے اس طوفان کے باعث پانچ سو جبکہ ہونگ سیاؤ ایئرپورٹ نے ڈہائی سو پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

محکمہٴ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ طوفان شنگھائی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں اپنے ساتھ تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ شدید بارش بھی لایا ہے۔ کئی دیہات کے زیرِ آب آ جانے کی اطلاع ہے جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔ تاحال کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

Super-Taifun Chan-Hom Roter Alarm im Südosten Chinas
یہ طوفان اپنے ساتھ شدید بارشیں لایا ہے اور متعدد مقامات زیر آب آ گئے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo

سنہوا نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ پروازوں اور ریل گاڑیوں کی منسوخی کے ساتھ ساتھ 51 ہزار سے زیادہ بحری جہاز بھی واپس بندرگاہوں میں پہنچ گئے ہیں۔

سال کے ان دنوں کے دوران بحیرہٴ جنوبی چین میں اس طرح کے طوفان ایک معمول ہوا کرتے ہیں۔ یہ طوفان گرم پانیوں سے طاقت حاصل کرتے ہوئے زور کے ساتھ خشکی سے ٹکراتے ہیں اور ٹکرانے کے ساتھ ہی اِن کا زور ٹوٹنا شروع ہو جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ چین کے بعد ’چَن ہوم‘ نامی یہ طوفان کوریائی جزیرہ نما کی طرف بڑھ جائے گا۔