1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈاکار ریلی: اب تک چھتیس مقابلوں میں تیئس ڈرائیور ہلاک

مقبول ملک13 جنوری 2014

دنیا کے مشکل ترین ریسنگ مقابلوں میں شمار ہونے والی ڈاکار ریلی کے پانچویں مرحلے میں بیلجیم کے موٹر سائیکل ڈرائیور ایرک پالانٹ ہلاک ہو گئے۔ اس طرح ایسے کُل 36 مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ڈرائیوروں کی تعداد اب 23 ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Apfm
تصویر: picture-alliance/dpa

ڈاکار ریلی کی انتظامیہ کے مطابق یہ حادثہ ارجنٹائن میں چِیلےسِیٹو اور ٹُوکُومان کے درمیان ریلی کے ٹریک پر ان مقابلوں کے پانچویں مرحلے کے دوران جمعرات نو جنوری کے روز اس وقت پیش آیا جب ہونڈا موٹر سائیکل چلانے والے 50 سالہ ایرک پالانٹ کی موٹر سائیکل ممکنہ طور پر حادثے کا شکار ہو گئی۔

اس سال ہونے والی ڈاکار ریلی 36 مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے اور بیلجیم کے ریسنگ ڈرائیور پالانٹ کی موت کے ساتھ ان مقابلوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 65 ہو گئی ہے، جن میں سے 23 ہلاک شدگان اس ریلی میں حصہ لینے والے ڈرائیور تھے۔

Motorradfahrer Eric Palante
ایرک پالانٹتصویر: Reuters

ڈاکار ریلی کے دوران آج تک جو 65 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے 42 عام شائقین تھے، اس ریلی کے انعقاد میں مدد دینے والے کارکن یا پھر ان مقابلوں کی کوریج کرنے والے صحافی۔ اس تعداد میں تازہ ترین اضافہ اس وقت ہوا جب نو اور دس جنوری کی درمیانی رات ان مقابلوں کی کوریج کرنے والے ارجنٹائن کے دو صحافیوں کی گاڑی 100 میٹر گہری ایک کھائی میں جا گری۔

یہ دونوں صحافی ڈاکار ریلی کی کوریج کرنے والے رجسٹرڈ میڈیا نمائندے تھے، جن کے ساتھ ان کی گاڑی میں دو دیگر افراد بھی سوار تھے، جو نامعلوم وجوہات کی بناء پر پیش آنے والے اس حادثے میں شدید زخمی ہو گئے اور اس وقت ارجنٹائن میں ٹُوکُومان کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ایرک پالانٹ کی موت کے حوالے سے ریلی کے منتظمین نے بتایا ہے کہ یہ یورپی ڈرائیور اتوار پانچ جنوری کو شروع ہونے والی اس ریلی میں 11 ویں مرتبہ شریک ہوئے تھے اور ریلی میں حصہ لینے والے ڈرائیور کے طور پر ان کا نمبر 122 واں تھا۔ پالانٹ کی لاش امدادی کارکنوں کو ریلی کے پانچویں مرحلے کے مقررہ ٹریک پر 143 کلومیٹر کے فاصلے پر ملی اور یہ واضح نہیں کہ ان کی موت کسی وجہ سے ہوئی۔

Rallye Dakar 2014
تصویر: picture-alliance/dpa

پالانٹ کی موت کی ارجنٹائن کے صوبے کاتامارکا کے ایک جج کی طرف سے چھان بین کی جا رہی ہے۔ حکام کے بقول اپنے انتقال سے قبل بیلجیم کے اس موٹر سائیکلسٹ نے کوئی ایمرجنسی سگنل نہیں دیا تھا۔

اس سال کی ڈاکار ریلی میں اب تک کی ان تین ہلاکتوں سے قبل گزشتہ برس بھی ان مقابلوں کے دوران کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں سے ایک ریلی میں شامل فرانسیسی موٹر سائیکلسٹ تھوماس بُورگیں بھی تھے۔

اس ریلی کے دوران مختلف ڈرائیوروں کو مجموعی طور پر آٹھ ہزار 400 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوتا ہے۔ یہ ریس پیرو کے دارالحکومت لیما سے شروع ہوئی تھی، جو ارجنٹائن میں مختلف مراحل کی تکمیل کے بعد 19 جنوری کو چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں ختم ہو گی۔