1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈومینیک اسٹراؤس کاہن مستعفی ہو گئے

19 مئی 2011

ڈومینیک اسٹراؤس کاہن آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ وہ جنسی زیادتی کے الزام میں امریکہ میں گرفتار ہیں اور ان کی ضمانت کے لیے نئی درخواست کی سماعت آج ہو ر ہی ہے۔

https://p.dw.com/p/11JM8
تصویر: AP

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق اسٹراؤس کاہن نے ایک خط کے ذریعے فوری طور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کے استعفے کا مقصد اس ادارے کا تحفظ کرنا ہے، جس میں عزت و احترام کے ساتھ خدمات انجام دیتے رہے۔

جنسی زیادتی کی کوشش کے الزام میں گرفتار آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن جمعرات کو ضمانت کے لیے نئی درخواست بھی دے رہے ہیں۔ ان کے وکلاء نے ضمانت کے لیے نقد رقم اور انہیں نظربندی میں رکھے جانے کی پیشکش کی ہے۔

اسٹراؤس کاہن کے وکیل بینجمن برافمین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سماعت مین ہٹن میں ہو گی۔ ان کے ایک دوسرے وکیل شان ناؤٹن کا کہنا ہے کہ ضمانت کے لیے درخواست کی سماعت نیویارک اسٹیٹ سپریم کورٹ جسٹس کریں گے۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسٹراؤس کاہن کے وکلاء نے ان کی ضمانت کے لیے دس لاکھ ڈالر نقد کی پیشکش کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضمانت پر رہائی کے بعد انہیں چوبیس گھنٹے الیکٹرانک نگرانی کے ساتھ نظربندی میں رکھا جا سکتا ہے۔

وکلاء دفاع کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے، ’ہم مؤدبانہ گزارش کرتے ہیں کہ ضمانت کے اضافی پہلوؤں سے ایسے خدشات ختم ہو جاتے ہیں کہ اسٹراؤس کاہن اس عدالت کی حدود سے باہر نکل سکتے ہیں یا نکل جائیں گے۔‘

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس سماعت کے موقع پر کاہن بھی موجود ہوں گے یا نہیں۔ انہیں پیر سے رِائکرز آئلینڈ جیل میں رکھا گیا۔ حکام ان کی جانب سے خودکشی کی کوشش کا خدشہ بھی ظاہر کر چکے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں خصوصی سیل میں رکھا گیا ہے اور ہر لمحہ ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

Dossierbild 3 Dominique Strauss-Kahn vor Gericht in USA Zeichnung
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس سماعت کے موقع پر کاہن بھی موجود ہوں گے یا نہیںتصویر: AP

اسٹراؤس کاہن پر الزام ہے کہ انہوں نے نیویارک میں قیام کے دوران ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں پچیس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات سے انکار کیا ہے۔

انہیں ہفتے کو نیویارک کے ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کر لیا گیا تھا، جب وہ یورپ لوٹنے کی تیاری کر رہے تھے۔ وہ اتوار کو جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کرنے والے تھے۔ پیر سے برسلز میں شروع ہونے والے یورپی یونین کے خصوصی اجلاس میں بھی ان کی شرکت طے تھی، جس کا مقصد یورو زون کی مالی بدحالی کا شکار معیشتوں پر غور کرنا تھا۔

اُدھر امریکہ نے اسٹراؤس کاہن پر مستعفی ہونے کے لیے زور دیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو جلد از جلد اپنے نئے مینیجنگ ڈائریکٹر کا تقرر کرنا چاہیے اور یہ بات اہم ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں