1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاہن جنسی اسکینڈل: فرانسیسی سوشلسٹ جماعت کا ہنگامی اجلاس

17 مئی 2011

آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن فرانسیسی سوشلسٹ جماعت کے نہ صرف ایک معروف سابق صدر ہیں، بلکہ وہ 2012ء میں ہونے والے فرانسیسی صدارتی انتخابات کے مضبوط ترین امیدوار بھی سمجھے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11HdV
اسٹراؤس کاہنتصویر: picture alliance/dpa

آئی ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک اسٹراؤس کاہن پر امریکی شہر نیویارک میں ہوٹل کی ایک ملازمہ سے جنسی زیادتی کی کوشش کا الزام ہے۔ کاہن کو ہفتے کی شب اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ امریکہ سے پیرس کی جانب پرواز کرنے والے تھے۔ پیر کے روز نیویارک کی ایک عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ 62 سالہ کاہن پر اگر جنسی زیادتی کا لزام ثابت ہو جاتا ہے تو انہیں 25 سال قید کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

اسٹراؤس کاہن گرفتاری سے قبل تک فرانس کے آئندہ صدر کے عہدے کے ایک مضبوط ترین امیداوار سمجھے جارہے تھے۔ اسٹراؤس کاہن کے اس جنسی اسکینڈل میں ملوث ہونے کے باعث فرانس کی سوشلسٹ جماعت پریشانی اور اضطراب کا شکار ہے۔ اس صورتحال پر غور و خوض اور سال 2012ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے نیا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے سوشلسٹ پارٹی کی طرف سے آج منگل کے روز ایک ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔

Verhaftung Strauss-Kahn Politik Frankreich PS Martine Aubry
آج ہونے والے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا، سوشلسٹ پارٹی کی صدرتصویر: picture-alliance/dpa

اگلے برس ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے کرائے جانے والے جائزوں کے مطابق موجودہ صدر نکولاسارکوزی اپنی مقبولیت کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر تھے۔ کاہن کی گرفتاری سے قبل سامنے آنے والے ان جائزوں کے مطابق وہ پہلے نمبر پر جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے سربراہ Jean Marie La Pen مقبولیت کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر تھے۔

کاہن کی گرفتاری سےدلبرداشتہ سوشلسٹ پارٹی کی موجودہ صدر Martine Aubry نے صحافیوں کو بتایا کہ آج ہونے والے اجلاس میں درپیش حالات کے تناظر میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ Aubry کا کہنا تھا کہ اسٹراؤس کاہن کو جو اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کر رہے ہیں، اس وقت تک قصور وار قرار نہیں دینا چاہیے، جب تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو جاتا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں