1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کانگو آئل ٹینکر دھماکہ: ہلاکتیں 230 ہو گئیں

4 جولائی 2010

عوامی جمہوریہ کانگو میں آئل ٹینکر کے ایک دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی کم از کم تعداد 230 ہو گئی ہے۔ اس دھماکے کے نتیجے میں قریبی ایک گاؤں میں آگ لگ گئی، جو ہلاکتوں کی بڑی وجہ بنی۔

https://p.dw.com/p/OABB
تصویر: AP

اقوام متحدہ کی امن فورس کے ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت 220 ہلاکتوں اور 111زخمیوں کی بات کی جا رہی ہے، لیکن یہ اعدادوشمار حتمی نہیں ہیں۔

قبل ازیں یہ اطلاع تھی کہ اس حادثے میں امن فوج کے پانچ اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ تاہم اب اقوام متحدہ نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔ امدادی کارروائیوں میں کانگو کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی امن فورس کے ارکان نے بھی حصہ لیا۔

یہ حادثہ سانگے کے علاقے میں برونڈی کی سرحد کے قریب جمعہ کو رات گئے ہوا، جس میں تنزانیہ سے آنے والا ایک آئل ٹینکر الٹنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں قریبی گاؤں کا ایک حصہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والے بعض افراد آئل ٹینکر سے بہہ جانے والا تیل جمع کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم بیشتر ہلاکتیں لوگوں کے گھروں میں پھنس جانے کے باعث ہوئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سنیما بھی آگ کی لپیٹ میں آیا، جہاں لوگ فٹ بال ورلڈ کپ کا ایک میچ دیکھ رہے تھے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ گاؤں پر سَکتا طاری ہے۔ وہاں نہ تو کوئی بات کر رہا ہے، نہ ہی روتا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق گاؤں کے درجنوں گھروں کو آگ لگ گئی۔ خبررساں ادارے AFP نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا کہ متاثرین نے گھروں سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن آگ کی تیزی کے آگے ان کی کوئی نہ چلی اور وہ راکھ بن کر رہ گئے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں