کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کی واپسی کی کوششیں
14 جون 2010ترجمان کے مطابق ان میں سے 30 پاکستانی طالب علم اوش ایئرپورٹ کے قریب محفوظ مقام پر موجود ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا ہے کہ وہ پاکستانی طلباء کی بحفاظت پاکستان واپسی کےلئے مسلسل کرغزستان حکومت سے رابطے میں ہیں اور ان کے بقول طلباء کی محفوظ وطن واپسی کےلئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ آج یعنی پیر کے روز اوش بھیجا جائے گا۔شاہ محمود قریشی کے مطابق: ’’ہم نے باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنا خصوصی طیارہ اوش میں بھیجیں، جو کہ امدادی سامان بھی لے کر جائے کیونکہ وہاں پر اشیائے خوردونوش کی سخت قلت ہے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور واپسی پر پاکستانی طلباء کو بھی لے کر اسلام آباد آئے۔‘‘
دوسری جانب اوش میں نسلی فسادات کے دوران ہلاک ہونے والے انجینئرنگ فائنل ائیرکے طالب علم علی رضا کے اہل خانہ غم کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک نواحی گاؤں کے رہائشی علی رضا کی بہن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’’ہمارا بھائی شروع ہی سے بہت ذہین تھا اور گھر والوں نے اس سے بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی تھیں۔ والدین کو بہت شوق تھا کہ وہ انجینئر بنے لیکن تعلیم مکمل کرنے سے پہلے ہی اس کو مار دیا گیا۔ حکومت سے ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ اب میرے بھائی کی لاش کو جلد از جلد ہمیں دے دیں۔‘‘
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق علی رضا کی میت کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کر دی گئی ہے، جو خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس لائی جائے گی۔ ادھر اوش میں نسلی فسادات کے دوران ہنگامی طور پر وطن واپس پہنچنے والے طلباء عبیداللہ انصاری اور ایاز سومرو کا کہنا ہے کہ اوش یونیورسٹی میں 500 کے قریب پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں۔ ایاز سومرو نے پاکستان واپسی کے حالات بیان کرتے ہوئے کہا:’’نومئی کو ہم گھومنے گئے تو معلوم ہوا کہ نسلی فسادات شروع ہیں، اس سنگین صورتحال کے باعث ہم کیپیٹل سٹی میں آ گئے اور وہاں سے ہنگامی طور پر ٹکٹیں لے کر خیریت سے واپس گھر پہنچے ہیں۔‘‘
کرغزستان میں محصور طلباء کے والدین حکومت پر مسلسل دباؤ بڑھا رہے ہیں کہ وہ ان کے پیاروں کی محفوظ واپسی کےلئے بندوبست کرے۔ خیال رہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی طلباء طب اور انجینئرنگ کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے کےلئے وسط ایشیائی ریاستوں میں قائم یونیورسٹیوں کا رخ کرتے ہیں۔
رپورٹ : شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت : عاطف توقیر