کروشیا بھی جلد یورو کرنسی زون کا حصہ
3 جون 2022یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئرلاین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''آج کروشیا نے یورو کرنسی کے نفاذ کی خاطر ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔‘‘
دس سال کا عرصہ
کروشیا جولائی 2013 میں یورپی یونین کا حصہ بنا تھا اور تب سے وہ اپنی کرنسی 'کُونا‘ کی جگہ یورو اختیار کرنے کی کوششوں میں ہے۔ اس پورے عمل میں اسے تقریباﹰ دس برس کا عرصہ لگ گیا۔
سات سال بعد روسی کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اضافہ
یورو زون میں بے روزگاری کی شرح تاریخ کی نچلی ترین سطح پر
یورپی یونین کا حصہ بننے والی ریاستوں کو یورو کرنسی رائج کرنا ہوتی ہے، تاہم یورپی یونین کی رکنیت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ رکن ریاست کو خود بہ خود یورو کرنسی اپنانے کا حق یا اجازت بھی مل جائے۔ یورو کرنسی کے نفاذ سے قبل یورپی یونین کی رکن ریاست کو یورو کرنسی سے جڑے تمام تر قانونی اور اقتصادی ضوابط کی تکمیل کرنا ہوتی ہے۔
یورو زون کے ممالک
یورپی یونین کی 27 رکن ریاستیں ہیں جب کہ یورو کرنسی استعمال کرنے والے ممالک اس وقت 19 ہیں اور اگلے برس کروشیا کے شامل ہونے کے بعد یہ تعداد 20 ہو جائے گی۔
ڈنمارک یورپی یونین کا واحد رکن ملک ہے، جسے اپنی کرنسی یعنی کرونے کے استعمال کا حق حاصل ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ڈنمارک سن 1992 میں طے پانے والے یورپی معاہدے سے بھی قبل اس بلاک کا رکن رہا ہے۔ سویڈن بھی یورپی قانون کے تحت یورو کرنسی اختیار کرنے کا پابند ہے، تاہم وہاں ہونے والے ایک ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نے یورو کرنسی اپنانے کے خلاف ووٹ دیا تھا، جس کی وجہ سے وہاں بھی یورو کرنسی اب تک نافذ نہیں ہے۔ اسی طرح یورپی یونین کی متعدد رکن ریاستیں ایسی ہیں، جو یورو کرنسی کے نفاذ سے قبل کے مرحلے یعنی طے شدہ ضوابط کی تکمیل کے راستے پر ہیں۔
یورو کرنسی نافذ کرنے کے لیے شرائط
یورو زون میں داخلے کے لیے یورپی یونین کی رکن ریاست کو حکومتی بجٹ میں کم خسارے کے علاوہ افراط زر کی مستحکم پوزیشن اور قومی کرنسی اور یورو کے درمیان شرح تبادلہ کو مستحکم بنانا ہوتا ہے۔
حال ہی میں جاری کردہ ایک رپورٹ میں یورپی کمیشن نے کہا تھا کہ کروشیا اب یورو کرنسی اختیار کرنے کے اعتبار سے تمام تر شرائط پر پورا اترتا ہے اور اگلے برس یکم جنوری سے وہ کونا کی جگہ یورو اختیار کر سکتا ہے۔
یورپی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ بارہ ماہ میں کروشیا میں افراط زر چار اعشاریہ سات فیصد رہی، جو مقرر کردہ انتہائی حد سے معمولی سی کم ہے۔
گزشتہ برس کروشیا کا بجٹ خسارہ مجموعی قومی پیدوار کا دو اعشاریہ نو فیصد تھا، جو رواں برس متوقع طور پر کم ہو کر دو اعشاریہ تین فیصد ہو سکتا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ یورو زون ممالک کو اپنا بجٹ خسارہ تین فیصد تک رکھنے کی اجازت ہے، تاہم عالمی وبا کے اثرات کے تناظر میں اس حد کو فی الحال غیرموثر کیا گیا ہے تاکہ رکن ریاست عوامی شعبے میں سرمایہ کاری کر سکیں اور وبا کے اقتصادی اثرات کو کم تر کیا جا سکے۔
ع ت، ع ا (ڈی پی اے)