کرکٹ ورلڈ کپ: ہالینڈ اور انگلینڈ مدِ مقابل
22 فروری 2011اب تک ایک روزہ دو میچوں میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور دونوں مرتبہ جیت انگلینڈ کا مقدر بنی تاہم ہالینڈ کی ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو ہرا چکی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کو چھ جون دو ہزار نو کو ہالینڈ کے ہاتھوں لارڈز کے میدان میں چار وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ 1999ء میں بھی ہالینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کو شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلش ٹیم کے کپتان پال کالنگوڈ ہالینڈ کا حساب برابر کرنا چاہتے ہیں۔ ایک سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر دیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج تک وہ جشن نہیں بھول پائے ہیں، جو ہالینڈ کی ٹیم نے چھ جون دو ہزار نو میں انگلینڈ کو شکست دے کر منایا تھا اور یہ تلخ یاد ان کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے، لہٰذا وہ بے چین ہیں کہ کب اور کس دن وہ ہالینڈ کے ساتھ پرانا حساب برابر کر پائیں گے۔
قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم دو ہزار سات کےآخر میں بھارت کے دورے پر آئی تھی اور اسے اس سر زمین پر سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی پانچ مقابلوں میں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
دوسری جانب پیر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے زمبابوے کو 91 رنز سے شکست دے کر میچ جیت لیا تھا۔ بھارت کے شہر احمد آباد میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر262 رنز بنائے جبکہ زمبابوے کی پوری ٹیم 171 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
اتوار کو بھارتی شہر چنائے میں کھیلے جانے والے گروپ اے کے میچ میں نیوزی لینڈکی ٹیم نے کینیا کو صرف 69 رنز پر آؤٹ کرکے یہ ہدف محض آٹھ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا تھا۔
اتوار ہی کو سری لنکا نے کینیڈا کے خلاف گروپ اے میں اپنا پہلا میچ 210 رنز سے جیت لیا تھا۔ اس میچ میں سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے جبکہ کینیڈا کی ساری ٹیم 36.5 اوورز میں صرف122 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: ندیم گِل