'کوئی شخص بھوکا نہیں سوئے گا‘
7 اکتوبر 2019اس منصوبے کو پاکستان کی ایک بڑی غیر سرکاری تنظیم سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ملک میں ایک سو بارہ لنگر خانے کھولے جائیں گے جہاں عوام کو مفت کھانا مہیا کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے سب سے پہلے لنگر خانے کا آج اسلام آباد میں افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا،'' لوگوں میں صبر نہیں ہے، ہماری حکومت کو صرف تیرہ ماہ ہوئے ہیں اور وہ پوچھتے ہیں کہ مدینہ کی ریاست کہاں ہے، ریاست مدینہ کا قیام ایک دن میں نہیں ہوا تھا۔‘‘ عمران خان نے کہا کہ وہ ریاست مدینہ کی طرح غریب عوام کو غربت کی دلدل سے نکالیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے سماجی بہبود کے پروگرام 'احساس‘ کی سربراہ ڈاکٹر ثانیا نشتر نے اس موقع پر کہا،'' وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کسی شہری کو بھوکا نہیں سونا چاہیے اور اسی لیے احساس لنگر پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔‘‘ ڈاکڑ ثانیا نشتر نے کہا کہ یہ کام حکومت تنہا نہیں کر سکتی اس لیے اس پروگرام کو سیلانی ٹرسٹ کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسی تنظیم ہے جو اپنے اچھے کام کے باعث جانی جاتی ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ لنگر خانوں میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان لنگر خانوں میں صاف ستھرا اور معیاری کھانا، عوام کو عزت کے ساتھ پیش کیا جائے۔
دو کروڑ بچے ابھی بھی تعلیم سے محروم
پاکستان: شرح سود میں اضافہ، مہنگائی میں اضافے کا امکان
پاکستان کا شمار ترقی پذیر ممالک میں ہوتا ہے جہاں قریب چالیس فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کو اقتصادی بحران جیسے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ حکومت کے قیام کے بعد سے افراط زر کے باعث غربت میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ب ج، ا ا