کورونا مریضوں کی اموات میں تین گنا اضافہ
18 دسمبر 2020تازہ ریسرچ میں محققین نے فرانسیسی ڈیٹا سے نتائج اخذ کیے ہیں۔ اس ڈیٹا کے مطابق رواں برس مارچ اور اپریل میں کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران ہلاکتیں پینتالیس ہزار آٹھ سو انیس تھیں جبکہ دوسری لہر کے دوران حالیہ ہفتوں میں کورونا مریضوں کی اموات نواسی ہزار پانچ سو تیس تک پہنچ چکی ہیں۔ کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس کا تقابل انفلوئنزا مرض سے کیا گیا ہے۔بھارت ميں کووڈ انيس کے متاثرین کی تعداد قريب ایک کروڑ
ریسرچ کے دوران دم توڑنے والے مریضوں کی شرح 16.9 فیصد ہے۔ دوسری جانب انفلوئنزا سے مرنے والے افراد کی اوسط شرح5.28 ہے۔ کووڈ انیس کے مریضوں کی انتہائی نگہداشت کی شرح 16.3 فیصد اور انفلوئنزا کے مریضوں کے لیے انتہائی نگہداشت کی شرح 10.8 فیصد ہے۔ کورونا مریضوں کا قیام انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں انفلوئنزا کے مریض کے مقابلے میں دوگنا ہے۔ انفلوئنزا کے مریض کو سات سے آٹھ دن انتہائی نگہداشت درکار ہوتی ہے جب کہ کورونا وائرس کا مریض کم از کم سولہ دن آئی سی یُو میں رکھا جاتا ہے۔
درج ذیل ہے دنیا بھر میں کورونا وبا اور مدافعتی اقدامات کی تازہ صورت حال:
امریکی براعظموں میں پریشان کن حالات
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈ منسٹریشن (FDA) نے جمعرات کو ایک اور ویکسین کی ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ یہ موڈیرنا دوا ساز کمپنی کی تیار کردہ ویکسین ہے۔ قبل ازیں فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کی ہنگامی منظوری دی جا چکی ہے اور اس کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔دہلی: بیرونی ممالک کے تبلیغی جماعت کے تمام افراد بری
امریکا میں کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ چھہتر لاکھ سے زائد ہے اور ہلاکتیں تین لاکھ سترہ ہزار سے زائد ہیں۔ کولمبیا نے بھی مریضوں کی بڑھتی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ اس ملک میں اسی وائرس کی لپیٹ میں آنے والوں کی تعداد چودہ لاکھ سے زائد ہے اور اموات انتالیس ہزار سے زیادہ ہیں۔
ایشیا میں ویکسین کے حصول کی کوششیں
پاکستانی شہروں میں کورونا وبا کی پھیلاؤ جاری ہے اور مریضوں کی کل تعداد ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب ایشیائی ملکوں نے بھی ویکسین کے حصول کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ فلپائن نے پچیس ملین خوراکیں موڈیرنا اور ارکٹوروس تھیراپیوٹکس فارماسوٹیکل کمپنیوں سے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ فائزر اور بائیو این ٹیک نے اپنی ویکسین کو منظوری کے لیے جاپانی ریگولیٹری ادارے کو درخواست جمع کرا دی ہے۔ جاپان اس ویکسین کی ایک سو بیس ملین خوراکیں خریدے گا۔ جاپانی حکومت نے واضح کیا ہے کہ فائزر ویکسین کی خریداری اس کے مؤثر اور محفوظ ہونے کی بنیاد پر کی جائے گی۔
یورپی منظر نامہ
جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ جمعہ اٹھارہ دسمبر کی صبح تک کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والے نئے مریضوں کی تعداد تینتیس ہزار سات سو ستتر ہے۔ جمعرات سے اٹھارہ دسمبر کی صبح تک آٹھ سو تیرہ افراد بیماری سے جانبر نہیں ہو سکے۔
جرمن وزیر صحت ژینس شپاہن نے کورونا ویکسین لگانے کی ترجیحات کی وضاحت جاری کر دی ہے۔ سب سے پہلے اسی برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ فرانس میں پاسچر انسٹیٹیوٹ نے واضح کیا ہے کہ ہوٹلوں اور ریسٹورانوں میں زیادہ وقت گزارنے سے کورونا کی افزائش ہو رہی ہے۔فرانسیسی صدر ماکروں کووڈ انیس کا شکار
افریقہ
افریقی براعظم کے کئی ملکوں کو کورونا وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ ان ملکوں کا تعلق وسطی اور مغربی افریقہ سے ہے۔ ان میں نائجیریا، نائجر، موریطانیہ، بُرکینا فاسو، مالی، ٹوگو اور جمہوریہ کانگو خاص طور پر نمایاں ہیں۔ اسی طرح سینیگال میں بھی کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ روانڈا میں جمعرات سترہ دسمبر کو ہونے والی ہلاکتیں سات سو سے زائد تھیں۔ افریقی ہیلتھ ماہرین کا خیال ہے کہ براعظم افریقہ میں دوسری لہر کی شدت پہلی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہو گی۔
ع ح، ع ت (اے پی، اے ایف پی، ڈٰ پی اے)