کھلاڑی جاتے رہتے ہیں اور کرکٹ چلتی رہتی ہے
26 ستمبر 2017پاکستان ٹیسٹ کر کٹ ٹیم میں مصباح اور یونس کی جوڑی پاکستانی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے تھے۔ ان دونوں بیٹسمینوں نےپاکستان ٹیم کے لئے غیر معمولی کرکٹ کھیلی او کئی کامیابیوں میں مرکزی کردار ادا کیا۔
مصباح الحق نے مارچ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی ابتدا کی تھی اور پاکستان کو سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز جتوانے والے کپتان کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔ جبکہ یونس خان نےپہلا ٹیسٹ 26 فروری سن 2000 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ سن 2009 ٹی ٹونٹی ورلڈ کب جیتنے والی ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ یونس خان، حنیف محمد اور انضمام الحق کے بعد پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی ہے۔ وہ پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں ۔
سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز: پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان
’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کا امکان نہیں‘
فکسنگ ثابت، شرجیل خان پر پانچ سالہ پابندی عائد
مصباح الحق اور یونس خان نے ایک ساتھ 193 میچوں میں نمائندگی کے ساتھ15،331 رنز سکور کئے اور پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ کی فہرست میں گزشتہ برس پہلی پوزیشن پر لاکھڑا کیا تھا۔
مصباح الحق کی ٹیم سے رخصتی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے کپتان سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی بھی کمان سونپی گئی ہے۔ آئندہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں وہ پاکستان ٹیم کے نئے کپتان ہونگے اور یہ سیریز پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں نئے کپتان کے ساتھ ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے مابین متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اٹھائیس ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد نے اس بات کو تسلیم کیا کے ان دونوں کی کمی ضرور محسوس کی جائے گی۔ دونوں دنیا کے بہترین بیٹسمین تھے اور ٹیم میں ان کا کردار بہت اہمیت کا حامل تھا دنیائے کرکٹ میں پاکستان کرکٹ کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے میں ان دونوں کی خدمات شامل ہیں۔ ان کے جانے کے بعد ٹیم میں خلا ضرور ہوا ہے لیکن نئے لڑکے محنت کرکے ان کی جگہ جلد پر کرلینگے ۔
پاکستان ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں میں اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد عامر،حسن علی، یاسر شاہ، محمد اصغر، محمد عباس، بلال آصف، میر حمزہ اور وہاب ریاض شامل ہیں۔