1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیٹ ونسلیٹ آسمانی بجلی گرنے سے بچ گئیں

23 اگست 2011

کیریبیئن میں برطانوی ارب پتی سر رچرڈ برینسن کے ملکیت والے جزیرے پر آسمانی بجلی گرنے سے ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹ محفوظ رہی ہیں۔ کیٹ ونسلیٹ اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ تعطیلات منانے کے لیے وہاں موجود تھیں۔

https://p.dw.com/p/12Lck
تصویر: Paramount Pictures

جس مکان پر بجلی گری وہ بری طرح جل گیا ہے تاہم اس میں موجود تمام افراد محفوظ رہے ہیں۔ سر رچرڈ برینسن کے بقول کیٹ ونسلیٹ کے ہمراہ ان کا بوائے فرینڈ لوئس ڈاؤلر اور بچے میا اور جوئی بھی تھے۔ جس گھر پر بجلی گری اس میں پہلے سے برینسن کی 90 سالہ والدہ اور 25 سالہ بیٹی ہولی رہائش پزیر تھے۔ 60 سالہ سر برینسن خود حادثے کے مقام سے کچھ ہی فاصلے پر واقع اپنے دوسرے گھر میں بیوی اور بچے کے ساتھ موجود تھے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے برینسن کا کہنا تھا کہ گھر اب رہنے کے قابل نہیں تاہم اچھی بات یہ ہے کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔ آگ بجھانے والے عملے کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ 35 سالہ کیٹ ونسلیٹ کو جیمز کیمرون کی فلم ٹائی ٹینک سے بین الاقوامی شہرت ملی تھی۔ 2009ء میں دی ریڈر فلم میں بہترین اداکاری کرنے پر انہیں آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

Flash-Galerie 100 Jahre Hollywood
کیٹ ونسلیٹ فلم ٹائی ٹینک کے ایک منظر میںتصویر: AP

برینسن نے کیٹ ونسلیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’مجھے ایسا لگا کہ جیسے میں کسی فلم کے سیٹ پر ہوں، جہاں آپ ’کٹ‘ کے نعرے کے منتظر رہتے ہیں مگر وہ نعرہ یہاں سنائی نہیں دیا۔‘

قریب چار سو مختلف کمپنیوں پر مشتمل تجارتی گروپ ورجن کے مالک سر رچرڈ برینسن نے برٹش ورجن آئی لینڈز میں نیکر آئی لینڈ نامی یہ خطہ 80ء کی دہائی میں خریدا تھا۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق آسمانی گرنے کا سبب بننے والا سمندری طوفان آئرینی اب ڈومینیکن ری پبلک اور ہیٹی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ میامی میں قائم یو ایس نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق سمندری طوفان کے ساتھ قریب سو میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ پورٹو ریکو میں سمندری طوفان کے سبب بارشوں نے بجلی کے نظام کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ہیٹی اور ڈومینیکن ری پبلک کی حکومتوں نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں