1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیری پوٹر سیریز کی الوداعی فلم

7 جولائی 2011

آج جمعرات کو ہزاروں شائقین فلم لندن میں ہیری پوٹر سیریز کی نئی فلم کے ورلڈ پریمیئر میں شریک ہو رہے ہیں۔ یہ ہیری پوٹر سیریز کی آخری اور الوداعی فلم ہے۔ اس سیریز کو ریکارڈ بریکنگ سیریز قرار دیا جا چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/11qe2
تصویر: picture-alliance/dpa

ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم Harry Potter and the Deathly Hallows ہے اور یہ اسی نام کی ساتویں فلم کا دوسرا حصہ ہے۔ مجموعی طور پر اس مشہور و معروف فلم سیریز کی یہ آٹھویں فلم ہے۔ اس ریکارڈ ساز سیریز کا سلسلہ سن 1997 میں شروع ہوا تھا۔ پندرہ سالوں کے بعد اب یہ فلم سیریز اپنی منزل کو پہنچ رہی ہے۔ آخری فلم کو بھی ناقدین کی جانب سے ستائشی اور توصیفی کلمات سے نوازا گیا ہے۔

ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم Harry Potter and the Deathly Hallows کا حصہ دوم تھری ڈی انداز میں پروڈیوس کیا گیا ہے اور اس جدید انداز میں اس سیریز کی یہ پہلی اور آخری فلم ہے۔ ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے وارنر برادرز کے لیے یہ فلم سیریز سونے کی جادوئی پوٹلی ثابت ہوئی ہے۔ سینما گھروں میں ٹکٹوں اور ڈی وی ڈی کی فروخت سے وارنر برادرز نے ساڑھے سات ارب ڈالر کے قریب کمائی کی ہے۔ اس فلم کی چار سو ملین کاپیاں دنیا بھر میں فروخت ہو چکی ہیں۔

Emma Watson Schauspielerin Flash-Galerie
ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم میں اہم کردار ادا کرنے والی ایما واٹسنتصویر: AP

ہیری پوٹر فلم سیریز کی آخری فلم میں بدی اور نیکی کے درمیان جاری شدید جنگ کا کلائمیکس دکھایا گیا ہے۔ جادونگری اور چڑیلوں کے ساتھ بھوت پریت کی ماورائی دنیا سے نوجوان جادوگر ہیری پوٹر کی جنگ کا فلم بینوں کو شدت سے انتظار ہے۔ ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے اکیس سالہ ڈینیئل ریڈ کلف کے مطابق یہ اس سیریز کی سب سے جاندار اور شاندار فلم ہے۔ لندن میں آج ہونے والے ورلڈ پریمیئر کے موقع پر ریڈ کلف موجود نہیں ہوں گے۔ وہ امریکی شہر نیو یارک میں ایک تھیئٹر میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ ورلڈ پریمیئر میں مبصرین، اداکار اور زندگی کے مختلف شعبوں کے نمایاں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

ناقدین کے خیال میں ہیری پوٹر سیریز نے ساری دنیا میں انسانی زندگیوں کو براہ راست متاثر کیا ہے۔ ان میں وہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے اسی نام کے ناولوں کی سیریز کو انتہائی دلجمعی سے پڑھا اور پھر ان ناولوں پر بنائی گئی فلموں کو انتہائی ذوق و شوق سے دیکھ کر انہیں مقبولیت سے نوازا۔ اس طرح یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس فلم سیریز کے دوران کم سنی سے بڑی عمر میں ایک نسل داخل ہوئی اور وہ ہیری پوٹر جنریشن کہی جا سکتی ہے۔

Flash-Galerie Harry Potter
ہیری پوٹر سیریز کا مرکزی کردارتصویر: AP

کئی یورپی ملکوں سمیت شمالی امریکہ اور آسٹریلیا میں ہیری پوٹر سیریز کی آخری فلم Harry Potter and the Deathly Hallows کے حصہ دوم کی باقاعدہ سینما گھروں میں ریلیز پندرہ جولائی کو شیڈیول کی گئی ہے۔ یہ فلم تقریباً ساری دنیا میں تیرہ سے اکیس جولائی کے درمیان ریلیز کی جا رہی ہے۔ جرمنی میں اس فلم کی ریلیز ہونے کی تاریخ اگلی جمعرات یعنی چودہ جولائی ہے۔

ہیری پوٹر نام سے ماورائی ناولوں کی سیریز سات جلدوں پر محیط ہے اور اس کی مصنفہ برطانوی خاتون ناول نگار جے کے رولنگ ہیں۔ پینتالیس سالہ ناول نگار رولنگ کو اس ناول سیریز سے عالمی شہرت حاصل ہوئی ہے۔ ناول نگاری میں ان کی یہ سیریز فینٹسی طرز تحریر کے زمرے میں آتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں