1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہارٹس ڈونٹ لائی

16 نومبر 2010

بحر الکاہل کے پار سے ایک خوبصورت آواز مغربی موسیقی پر چھانے لگی ہے۔ یہ آواز آسٹریلوی گلوکارہ گبریلا چلمی کی ہے۔ انیس سالہ گلوکارہ نے جرمنی سمیت کئی ملکوں میں اپنی آواز کا رنگ جمایا ہے۔

https://p.dw.com/p/QA0f
گبریلا چلمی برلن میںتصویر: Universal Music

کچھ عرصہ قبل شکیرا کے گانے ‘‘ہپس ڈونٹ لائی’’ نے مغربی موسیقی کے افق پر ہلچل مچا دی تھی۔ اب بھی یہ گیت بہت مقبول ہے۔ اب اس گیت کے جواب میں آسٹریلیا کی انیس سالہ گلوکارہ گبریلا چلمی (Gabriella Cilmi) نے اپنا نیا گیت ’’ ہارٹس ڈونٹ لائی‘‘ یعنی دل جھوٹ نہیں بولتا کو عام کیا ہے۔ آسٹریلیا میں اس گیت کو بہت مقبولیت حاصل ہو چکی ہے۔

انیس سالہ چلمی کے والدین کا تعلق اٹلی سے ہے اور وہ مہاجرت کر کے آسٹریلیا کے کاروباری مرکز میلبورن کے نواح میں جا کر آباد ہو گئے تھے۔ چلمی کو کم عمری ہی میں موسیقی اور گانے کا شوق پیدا ہوا۔ اس نے سولہ سال کی عمر میں امریکہ اور یورپ کا دورہ کیا اور اپنے پہلے البم کے لئے ایک برطانوی کمپنی ‘‘آئی لینڈ راکس’’ کے ساتھ معاہدہ کیا۔

چلمی کے پہلے گیت کا نام ‘‘Sweet about me ’’ تھا جو سن 2008 ء میں اس کے اپنے ملک آسٹریلیا میں ریلیز ہونے کےبعد انتہائی زیادہ مقبول ہوا۔ یہ گیت اسی سال ریلیز ہونے والے البم کا حصہ بنا۔ نوجوان آسٹریلوی گلوکارہ کو پہلے البم کی ریلیز کے بعد آسٹریلیا کے معتبر موسیقی کے چھ ‘‘آریا ایوارڈز ’’سے نوازا گیا۔ ان ایوارڈز میں سن 2008 کی بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ بھی شامل تھا۔

Sänger James Morrison bei Schlag den Raab
جیمز موریسن کے ساتھ گیت گاتے ہوئے گبریلا چلمیتصویر: picture-alliance / dpa

گبریلا چلمی کی آواز کے بارے میں ناقدین کا خیال ہے کہ اس کی بہت رینج اور پھیلاؤ ہے۔ اس کا فائدہ وہ اسی صورت میں اٹھا سکتی ہے کہ وہ ڈسپلن ہو کر گائیکی کو اپنائے۔ بعض کا تو یہ کہنا ہے کہ اپنی آواز کی قدر و قیمت سے خود گبریلا چلمی بھی آگاہ نہیں ہے۔ اتنی کم عمری میں اس کی آواز میں انتہائی پختگی موجود ہے۔ بعض ناقدین کا خیال ہے کہ چلمی اپنی گائیکی میں لیجنڈری میوزیکل بینڈ بی جیز کے انداز کو استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ بیشتر مبصرین متفق ہیں کہ چلمی کی گائیکی کا رنگ ممتاز امریکی گلوکارہ اناستاسیا (Anastacia) سے بہت ملتا ہے۔

بنیادی طور پر نوجوان آسٹریلوی گلوکارہ کی آواز مغربی کلاسیکی موسیقی کے لئے بھی انتہائی موزوں ہے۔ ایسی آواز بسا اوقات بلیو جاز گائیکی میں سنائی دیتی ہے۔ آواز کی گھمبیرتا ہی اس کو موجودہ دور کی بقیہ گلوکاروں سے منفرد بنا دیتی ہے۔ موسیقی کے لہجے میں چلمی کی آواز کو ‘‘ Contralto ’’ کے دائرے میں رکھا جاتا ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ ایسی آواز گائیکی کے ہر میدان میں ڈھل سکتی ہے۔ چلمی کے اندر اس آواز کی صلاحیت کا پیدا ہونا اس کی ریڑھ کی ہڈی کا ایک پرابلم بتایا جاتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں