یورو کپ چیمپئن: اٹلی کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست
12 جولائی 2021یورو کپ 2020 کا فائنل مقابلہ سنسنی خیز رہا۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ کن بنانے کے لیے تیس منٹ کا اضافی وقت دیا گیا لیکن اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی۔ اس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آوٹ سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس میں اٹلی نے انگلینڈ پر دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔
پینلٹی شوٹ آوٹ سے انگلینڈ کے خلاف اٹلی کی یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے 1968 میں انگلینڈ کو پینلٹی شوٹ سے ہرایا تھا۔ اس طرح اس مرتبہ بھی انگلینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ 1966کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ ایک بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔
اتوار کی رات ہونے والے اس فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن، شہزاہ ولیم، کیٹ مڈلٹن بھی موجود تھے۔ جب کہ ہالی وڈ کے اداکار ٹام کروز اور شہرہ آفاق فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
انگلینڈ کی ابتدا میں برتری
انگلینڈ نے میچ شروع ہوتے ہی اٹلی کے خلاف گول کرکے برتری حاصل کرلی تھی تاہم اٹلی کے لیونارڈو بنوچی نے کھیل کے 67 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلے کو برابری پر لا دیا۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس(اے پی) کے مطابق مقررہ اور پھر تیس منٹ کے اضافی وقت تک جب کوئی گول نہیں ہوسکا تو پینلٹی شوٹ آوٹ کا مرحلہ آیا۔ اس میں انگلینڈ کے تین سیاہ فام کھلاڑی اپنی پنالٹیز پر گول اسکور نہ کرسکے۔ ان میں بوکایوساکا، مارکوس ریش فورڈ اور جاڈون سانچو شامل ہیں۔
انگلینڈ کے مداح ناراض
اٹلی کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کے مذکورہ تینوں سیاہ فام کھلاڑیوں کو نسلی تعصب پر مبنی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف 'نسل پرستانہ اور توہین آمیز‘ پیغامات پوسٹ کیے گئے۔
لندن کی پولیس ان پیغامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے اس حرکت کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں ان کھلاڑیوں کے خلاف استعمال کی جانے والی زبان سے 'شدید رنج‘ پہنچا ہے۔
مداحوں کے درمیان ہاتھا پائی
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کے روز برطانوی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اٹلی اور انگلینڈ کے درمیان فائنل میچ کے بعد ویمبلے اسٹیڈیم کے قریب موجود مداحوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔
ان واقعات میں انیس پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ پولیس نے 45 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
فائنل میں اٹلی کی فتح پر برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزاہ ولیم نے اطالوی ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے برطانوی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کوشش پر 'فخر‘ ہونا چاہئے۔
یورو کپ 2020 میں کامیابی کے بعد اٹلی میں مداحوں کا جشن جاری ہے۔
ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)