1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین ترکی میں موجود مہاجرین کو کیش کارڈز دے گا

شامل شمس8 ستمبر 2016

یورپی یونین نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ترکی میں موجود مہاجرین کو ڈیبٹ کارڈز دے گا تاکہ وہ اپنی ضروریات زندگی پوری کر سکیں۔ ای یو کو توقع ہے کہ اس سے مہاجرین یورپ آنے کی کوشش نہیں کریں گے۔

https://p.dw.com/p/1JyRu
EU Grenze Grenzkontrolle Symbolbild
تصویر: michaklootwijk - Fotolia.com

یورپی یونین کی کوشش ہے کہ مشرقی وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں سے بہ راستہ ترکی یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کو ترکی ہی میں ایسی مراعات فراہم کر دی جائیں جن کے ملنے کے بعد وہ آگے کا سفر ترک کر دیں۔ رواں برس ترک حکام اور یورپی یونین کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا تھا جس کے مطابق ترکی اپنے ہاں سے مہاجرین کے جنوبی یورپی ممالک کے سفر کو روکنے کی ذمے داری اٹھائے گا۔ یہ مہاجرین بحیرہ ایجین کے راستے ترکی سے یورپ کا سفر طے کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ اور ترکی کے ساتھ مل کر یورپی یونین اب اگلے ماہ ایک ایسی اسکیم کا آغاز کرنے جا رہا ہے جس کے تحت ای یو ڈیبٹ کارڈز دس لاکھ کے قریب مہاجرین کو دیے جائیں گے۔ یہ مہاجرین ترکی میں قیام پذیر ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق شام سے ہے۔

اس حوالے سے یورپی یونین کے انسانی امداد کے کمشنر کرسٹوس اسٹیلیانڈیس نے برسلز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’وہ مہاجرین جن کو امداد کی ضرورت ہے الیکٹرونک کیش کارڈز کے مستحق ہوں گے۔ وہ ان کارڈز کے ذریعے ماہانہ کیش حاصل کر سکیں گے۔ اس طرح وہ اپنے خاندان کے لیے روٹی اور سر پہ چھت حاصل کر سکیں گے اور اپنے بچوں سے مشقت کروانے کے بجائے ان کو اسکول بھیج سکیں گے۔‘‘

اسٹیلیانڈیس نے یہ نہیں بتایا کہ ایک کارڈ پر ماہانہ کتنی رقم ڈالی جائے گی۔ تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ اس منصوبے کی مالیت تین سو اڑتالیس ملین یورو ہے۔

چار برس قبل ورلڈ فوڈ پروگرام اور ہلال احمر تنظیموں نے اس طرح کا ایک تجرباتی پروگرام شروع کیا تھا۔ اس اسکیم اور یورپی یونین کے منصوبے میں فرق صرف اتنا تھا کہ ان تنظیموں کے کارڈز کے ذریعے ضروریات کی بنیادی اشیاء حاصل کی جا سکتی تھیں کیش نہیں۔

مہاجرین کے یورپ کے طرف بہاؤ کو روکنے کے لیے ترکی کی مدد کے صلے میں یورپی یونین نے اس کی یورپی بلاک میں شمولیت کی مہم کو تیز کرنے، تین بلین یوروز کی امداد اور یورپی ممالک میں ترک باشندوں کے قلیل مدت کے سفر کے لیے ویزے کی چھوٹ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید