1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2012ء کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ، گروپ بندی فائنل

22 ستمبر 2011

ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2012ء کے مقابلوں کے لیے گروپوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دفاعی چمپیئن انگلینڈ اور ون ڈے کی عالمی چمپیئن بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں رکھی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/12eIy
آئی سی سی کےچیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹتصویر: AP

بدھ کے دن بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے سال 2012 کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے گروپ بندی کا اعلان کیا۔ گروپ اے میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ اس گروپ کی تیسری ٹیم نے ابھی اس ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔

آئی سی سی نے اعلان کرتے ہوئے کہا  ہے کہ گروپ بی میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز شامل ہوں گی جبکہ اس گروپ کے لیے بھی تیسری ٹیم نے ابھی کوالیفائی کرنا ہے۔ گروپ سی میں سری لنکا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ہر دو سال بعد منعقد کیے جانے والے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز اس مرتبہ سری لنکا کو ملا ہے۔ 18ستمبر سے سات اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ ٹورنامنٹ کے تین میچ ہمبن توتا میں، نو میچ پالیکیلے میں جبکہ پندرہ میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچ دارالحکومت کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں منعقد کیے جائیں گے۔

Cricket Fans Indien
بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں رکھی گئی ہیںتصویر: UNI

اس ٹورنامنٹ میں ہر گروپ میں شامل دو ٹیمیں ’سپر ایٹ‘ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں وہ دو گروپوں میں ایک دوسرے کے ساتھ پنجہ آزمائی کریں گی۔ اسی طرح دونوں گروپوں میں سے پہلے نمبروں کی دو دو ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکیں گی۔

جن دو ’نان ٹیسٹ‘ ٹیموں نے ابھی اس ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، اس کا فیصلہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایک علٰیحدہ مرحلے میں کیا جائے گا۔ یہ مرحلہ تیرہ تا چوبیس مارچ کے دوران برپا ہو گا۔

خواتین کرکٹ ٹیمیوں کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا انعقاد بھی سری لنکا میں 26 ستمبر تا سات اکتوبر کے دوران ہو گا۔

آئی سی سی کےچیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ چوتھے ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے مقابلے کامیاب ہوں گے،’مجھے یقین ہے کہ سری لنکا ان ٹورنامنٹس کے دوران بہترین انتظامات کرتے ہوئے ایک اور بہترین عالمی ایونٹ منعقد کروائے گا‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت:  امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں