اینڈریسن اور ٹروٹ ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبروں پر
27 جولائی 2011چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نےبھارت کو 196رنز شکست دی ۔ دو ہزارویں ٹیسٹ میچ میں جوناتھن ٹروٹ کی عمدہ کارکردگی اور جیمز اینڈرسن کی سات وکٹوں کی بدولت جہاں انگلینڈ کو کامیابی ملی، وہیں ٹروٹ ICC کی بلے بازوں کی رینکنگ میں دو درجے اوپر آتے ہوئے اب دوسری پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں جبکہ اینڈرسن اب دس بہترین بولروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس سے قبل ٹروٹ چوتھی پوزیشن پر تھے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل ICC کے مطابق اس وقت بہترین بلے باز جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس ہیں۔
اسی طرح جیمز اینڈرسن نے ایک اننگز میں 11ویں مرتبہ پانچ وکٹیں اپنے نام کرنےکا اعزاز حاصل کرنے بعد بولرز رینکنگ میں دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ICC کی طرف سے مرتب کی گئی بہترین ٹیسٹ بولروں کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین ہیں۔ اس وقت دنیائے ٹیسٹ کے دس بہترین بولروں کی فہرست میں بھارت کے دو بولر یعنی ظہیر خان اور اشانت شرما بھی موجود ہیں۔ دونوں بالتریب پانچویں اور ساتویں نمبر پر ہیں۔
ICC کی مرتب کردہ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے تین کھلاڑی موجود ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنانے کے قریب تر سچن تندولکر لارڈز ٹیسٹ میں 34 اور 12 رنز پر آؤٹ ہو کر دوسری پوزیشن سے سرک پر چوتھی پوزیشن پر آن کھڑے ہوئے ہیں۔ اسی فہرست میں موجود دیگر دو بھارتی بلے بازوں میں لکشمن ساتویں نمبر پر جبکہ سہواگ دسویں نمبر پر ہیں۔
دس بہترین بلے بازوں کی فہرست
1۔ ژاک کیلس، جنوبی افریقہ 2۔ جوناتھن ٹروٹ، انگلینڈ 3۔ کمارا سنگاکارا، سری لنکا 4۔ سچن تندولکر، بھارت 5۔ الاسٹیر کوک، انگلینڈ 6۔ شیو نارائن چندر پال، ویسٹ انڈیز 7۔ وی وی ایس لکشمن، بھارت 8۔ تھیلان سماراویرا، سری لنکا 9۔ اے بی ڈویلئیرز، جنوبی افریقہ 10۔ وریندر سہواگ، بھارت
دس بہترین بولروں کی فہرست
1۔ ڈیل سٹین، جنوبی افریقہ 2۔ جیمز اینڈرسن، انگلینڈ 3۔ گریم سوان، انگلینڈ 4۔ مورنی مورکل، جنوبی افریقہ 5۔ ظہیر خان، بھارت 6۔ مچل جانسن، آسٹریلیا 7۔ اشانت شرما، بھارت 8۔ شکیب الحسن، بنگلہ دیش 9۔ کرس ٹریملٹ، انگلینڈ 10۔ ڈینئل ویٹوری، نیوزی لینڈ
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک