ISI اور CIA کے درمیان بڑھتی دُوریاں
24 فروری 2011امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور امریکی سی آئی اے کے تعلقات اس حد تک بگڑ چکے ہیں کہ اس وقت دونوں اداروں میں کوئی رابطہ نہیں ہے۔ اخبار کے مطابق آئی ایس آئی کو خدشہ ہے کہ اس وقت پاکستان میں سی آئی اے کے سینکڑوں جاسوس سرگرم ہیں، جن کے بارے میں پاکستانی حکومت اور خفیہ ادارے لاعلم ہیں۔ اسی سبب آئی ایس آئی نے ریمنڈ ڈیوس کا کیس منظر عام پر آنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے لئے ایک بیان تیار کیا تھا، جس کے مطابق امریکہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے تاہم بعد ازاں یہ بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن اس بیان کی نقل ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے پاس موجود ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی مختلف تجزیہ نگار اس بات پر متفق ہیں کہ ریمنڈ ڈیوس کے واقعہ کے بعد دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے قائم ورکنگ ریلیشن شپ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ماضی میں سی آئی اے کے ساتھ مل کر روس کے خلاف افغان جہاد کرنے والے آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل (ر)حمید گل کا کہنا ہے کہ دونوں خفیہ ایجنسیوں کے درمیان موجودہ دوریاں صرف ریمنڈ ڈیوس کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کے دیگر محرکات بھی ہیں۔
جنرل حمید گل کے مطابق امریکی گن شپ ہیلی کاپٹروں کی جانب سے پاڑہ چنار میں ایک سرحدی محافظ چوکی پر فائرنگ سے تین پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت دونوں ممالک کی فوجی اور خفیہ اسٹیبلشمنٹ کے درمیان دراڑ کا بڑا سبب بنی۔
حمید گل کا کہنا ہے کہ ''اگر دونوں ملکوں میں دوریاں بڑھیں تو امریکہ کو پاکستان کی نسبت زیادہ نقصان ہوگا کیونکہ افغانستان کے لئے ان کی سپلائی لائن متاثر ہو گی، جس کے لئے حکومت پاکستان کو کچھ زیادہ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ صرف اپنے عوام کو ہی اجازت دینا ہوگی کہ وہ دھرنا دے کر سپلائی روٹ بند کر دیں۔''
انہوں نے کہا کہ ''امریکہ کے تعلقات صرف آئی ایس آئی کے ساتھ ہی نہیں بلکہ پاکستانی فوج کے ساتھ بھی خراب ہوں گے کیونکہ آئی ایس آئی فوج کی ہی ایک شاخ ہے۔''
دوسری جانب تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھی امریکہ کے ساتھ تعلقات کی خرابی بڑھنے کی صورت میں بڑے اقتصادی اور دفاعی مفادات کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ اس بارے میں تجزیہ نگار حسن عسکری کہتے ہیں ''ممکن ہے کہ ریپبلکن موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کی امداد روکنے کی کوشش کریں''۔
پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد کے مطابق پاکستان اور امریکہ دونوں اس وقت ایک نازک دوراہے پر کھڑے ہیں، اس لئے انہیں کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے انتہائی تحمل اور سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ شمشاد احمد کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور ریمنڈ ڈیوس جیسے واقعات سے اسے کسی بھی صورت متاثر نہیں ہونا چاہئے۔
رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت: امجد علی