آئرلینڈ اور یورپی یونین کے درمیان مالیاتی پیکیج پر اتفاق
22 نومبر 2010آئرلینڈ کے وزیراعظم برائن کوون کا کہنا ہے کہ آئرش حکومت چار سالہ بجٹ کا ایک منصوبہ بنائے گی، جس کے تحت بینکاری کی صنعت کی تنظیم نو کی جائے گی۔
آئرش وزیر خزانہ برائن لی ناہن نے اتوار کی شب ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ وہ ابھی کوئی بھی واضح اعدادوشمار نہیں دے سکتے کہ حکومت کن شرائط پر اور کتنا قرض حاصل کرے گی؟ تاہم انہوں نے کہا کہ قرضے کی مالیت ایک سو بلین یورو سے کم ہو گی۔
یورپی یونین کے مالیاتی کمشنر Olli Rehn کا کہنا ہے کہ آئندہ تین برسوں کے دوران آئر لینڈ کو قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ آئرلینڈ کو اس وقت بھاری بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔ ڈبلن حکومت ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی سے 19 بلین یورو زائد خرچ کر رہی ہے۔ جبکہ ملک میں جاری بحران سے متاثرہ بینکوں کو بھی مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
اس سے قبل ماہرین کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کی طرف سے دی گئی قرضے کی درخواست پر یورپی یونین اور بین الااقوامی مالیاتی فنڈ IMF کی جانب سے انکار نہیں کیا جائے گا ۔ دوسری جانب یورپی وزرائے خزانہ کا کہنا تھا کہ قرضے کے حصول میں آئرلینڈ کی حمایت کی جائے گی۔
رپورٹ امتیاز احمد
ادارت ندیم گِل