1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ کے لئے یورپی یونین کی ہنگامی امداد خارج از امکان نہیں

15 نومبر 2010

بہت زیادہ قرضوں کے بوجھ تلے دبی یورپی ریاست آئرلینڈ نے کہا ہے کہ ڈبلن کی طرف سے یورپی یونین سے ہنگامی مالی امداد کی وصولی خارج از امکان نہیں ہے تاہم ابھی تک یونین کو ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔

https://p.dw.com/p/Q8TV
سابقہ وزیر خارجہ ڈیرموٹ آہیرن، یورپی یونین کے سلووانیہ منعقدہ غیر رسمی اجلاس میںتصویر: picture-alliance/ dpa

آئرلینڈ کے سابقہ وزیر خارجہ اور موجودہ وزیر انصاف ڈیرموٹ آہیرن نے اتوار کی شام قومی نشریاتی ادارے RTE کے پروگرام This Week in Politics میں اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ آئرلینڈ نے ابھی تک برسلز کو ممکنہ مالی امداد سے متعلق کوئی درخواست نہیں دی تاہم ’حالات روز بروز بدل رہے ہیں۔‘

اسی بارے میں آئرش وزارت خزانہ نے اپنے ایک ای میل بیان میں اتوار کے روز کہا کہ ڈبلن حکومت آئرلینڈ کے بین الاقوامی ساتھیوں کے ساتھ متواتر رابطے میں ہے اور مالیاتی منڈیوں کی تازہ ترین صورت حال پر بھی مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

اس بارے میں یورپی یونین کے ذرائع گزشتہ دو روز سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ڈبلن اور برسلز کے مابین ہنگامی بنیادوں پر آئرلینڈ کی مالی مدد سے متعلق بات چیت جاری ہے اور اس امر کا امکان بہت کم ہے کہ قرضوں کے بھاری بوجھ تلے دبا آئرلینڈ ایسی کسی یورپی امداد کے بغیر ہی اپنی مالی مشکلات سے باہر نکل سکے گا۔

Irland Missbrauch
آئر لینڈ کے وزیر انصاف ڈیرموٹ آہیرن: فائل فوٹوتصویر: AP

ڈبلن، برسلز اور برلن سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین کی خواہش ہے کہ آئرلینڈ یونین کی طرف سے مالیاتی استحکام کے لئے دی جانے والی ہنگامی امداد قبول کر لے تاکہ یونان میں نظر آنے والے ان حالات کے دہرائے جانے کو روکا جا سکے، جب یورو زون کے رکن ایک ملک کی پریشان کن مالیاتی صورت حال کے باعث پورے کا پورا یورو زون ایک بحران سے دوچار ہو گیا تھا۔

آئرش وزیر انصاف ڈیرموٹ آہیرن نے قومی نشریاتی ادارے RTE کو بتایا کہ ان دعووں میں کوئی صداقت نہیں کہ ڈبلن حکومت اور یورپی یونین کے مابین اس بارے میں کوئی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ابھی تک ایسی کوئی مکالمت عمل میں نہیں آئی۔ اگر ایسا ہوتا تو آئرلینڈ کی حکومت اس سے بے خبر نہ ہوتی۔ لیکن ڈبلن حکومت کو ایسی کسی بات چیت کا کوئی علم نہیں۔‘‘

یورپی یونین نے یونان کو درپیش شدید نوعیت کے مالیاتی بحران کے بعد ضرورت مند رکن ملکوں کی بر وقت امداد کے لئے جو ہنگامی استحکامی فنڈ قائم کیا تھا، اس کی مجموعی مالیت 440 بلین یورو رکھی گئی تھی۔

یورپی یونین کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئرلینڈ کو کوئی ہنگامی مالی امداد مہیا کی گئی تو اس کی مالیت کا انحصار اس بات پر بھی ہو گا کہ آیا آئرش بینکوں کو ممکنہ دیوالیہ پن سے بچانے کے لئے مالیاتی اقدامات کی ضرورت ہے اور یہ کہ آئرلینڈ میں پراپرٹی کی مارکیٹ کے کریش ہو جانے کے خطرات کتنے شدید ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر آئرلینڈ کے لئے یونین کی مالی استحکامی فنڈ سے فوری مدد کا حجم 45 بلین یورو سے لے کر 90 بلین یورو تک ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں