1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایس آئی کے سربراہ پاشا امریکہ کے دورے پر

11 اپریل 2011

پاکستانی فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا آج پیر کے دن سے امریکہ کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین خفیہ ایجنسیوں کی سطح پر رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔

https://p.dw.com/p/10rFq
آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا وزیر اعظم گیلانی کے ساتھتصویر: picture alliance / dpa

اسلام آباد میں پاکستانی فوج کی بہت طاقتور سمجھے جانے والی اس خفیہ ایجنسی کے ذرائع نے بتایا کہ اپنے اس دورے کے دوران آئی ایس آئی کے سربراہ شجاع پاشا امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔ تاہم ان ذرائع نے میڈیا کو اس ملاقات کے ایجنڈے کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق افغانستان میں جنگ اور پاکستان میں طالبان کے مسلح حملوں کے پس منظر میں امریکہ کے لیے پاکستان سے عسکری تعاون انتہائی اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو امریکہ کی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کا بہت بڑا اتحادی بھی قرار دیا جاتا ہے۔

US Geheimdienste CIA
تصویر: DPA

پاکستانی اور امریکی خفیہ اداروں کے مابین تعاون کو گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کافی نقصان بھی پہنچا ہے جس کے باعث ماہرین کے بقول القاعدہ اور طالبان کے خلاف جنگ پر بھی اثر پڑا۔ اب لیفٹیننٹ جنرل شجاع پاشا کا امریکہ کا یہ دورہ اس حوالے سے کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی اور امریکی خفیہ اداروں کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے۔

صرف آئی ایس آئی اور سی آئی اے ہی نہیں بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کھچاؤ کی ایک بڑی وجہ ریمنڈ ڈیوس کی ذات سے متعلق واقعات بھی تھے۔ سی آئی اے کے لیے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے اس امریکی اہلکار نے لاہور میں فائرنگ کر کے دو پاکستانی شہریوں کو قتل کر دیا تھا۔ بعد میں قتل ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو خون بہا کی ادائیگی کے نتیجے میں لاہور کی ایک عدالت نے ڈیوس کو رہا کر دیا، جس کے بعد وہ واپس امریکہ جا چکا ہے۔

ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں دہرا قتل اور پھر اس کی رہائی کا عدالتی فیصلہ پاکستانی عوام اور میڈیا کی جانب سے ISI اور CIA دونوں پر ابھی تک کڑی تنقید کا سبب بنا ہوا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں بہت سے مظاہرے بھی کیے گئے اور احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئی تھیں۔

NO FLASH Pakistan Raymond Allen Davis
پاکستان اور امریکہ کے درمیان کھچاؤ کی ایک بڑی وجہ ریمنڈ ڈیوس کی ذات سے متعلق واقعات بھی تھےتصویر: AP

ڈیوس کی گرفتاری اور پھر رہائی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو اس حد تک متاثر کیا تھا کہ پاکستانی حکومت اور آئی ایس آئی کی اعلیٰ قیادت کو یہاں تک کہنا پڑ گیا تھا کہ اس واقعے نے خفیہ اداروں کی سطح پر پاک امریکہ تعلقات کو متاثر تو کیا ہے تاہم یہ رابطے معطل نہیں ہوئے۔ کسی حد تک بد اعتمادی کی یہ فضا ابھی تک پائی جاتی ہے اور سیاسی اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنرل شجاع پاشا کا آج شروع ہونے والا دورہء امریکہ انہی دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔

پاکستانی حکومت نے اپنی دفاعی سیاسی حکمت عملی میں تسلسل کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ابھی حال ہی میں آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر جنرل پاشا کی مدت ملازمت میں دوسری مرتبہ بھی مزید ایک سال کی توسیع کر دی تھی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں