1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف کے سابق سربراہ اسٹرؤس کاہن رہا

2 جولائی 2011

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سابق سربراہ ڈومینیک اسٹرؤس کاہن کو بغیر کسی ضمانت کے رہا کر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی ان کی نظر بندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/11nhR
تصویر: dapd

کاہن کی رہائی ان پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کا الزام لگانے والی خاتون کے بیانات میں تضاد کی تصدیق کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ جمعے کے روز وکلاء استغاثہ کا کہنا تھا کہ ہوٹل ملازمہ نے سماعت کرنے والی جیوری سے جھوٹ بولا ہے۔ تاہم 62 سالہ اسٹرؤس کاہن کو ابھی ہوٹل ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کے الزامات سے بری نہیں کیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آج کے فیصلے کے بعد کاہن ایک مرتبہ پھر فرانس کی سیاست میں قدم رکھنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں۔

کاہن کے وکیل صفائی نے ان پر لگے الزامات کو خارج کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ سماعت کے دوران جج نے کہا کہ الزام لگانے والی خاتون کے بیانات اور ثبوتوں کی تحقیقات کی جائیں گی۔ جسٹس مائیکل اوبس نے کہا، ’’میں سمجھتا ہوں کہ حالات میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ فیصلہ کرنے میں کوئی جلدی نہیں کی جائے گی۔ پوری تسلی سے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔‘‘

الزام لگانے والی خاتون نے پہلے کہا تھا کہ کاہن نے اس پر حملہ کیا اور وہ کسی طرح ان کے کمرے سے باہر ہال کے راستے کی طرف بھاگی۔ بعد میں جب کاہن وہاں سے چلے گئے، تو اس نے لوگوں کو مدد کے لیے بلایا۔ پراسیکیوٹروں کا کہنا ہے کہ اب اس کا یہ کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد اس نے ساتھ والے کمرے کی صفائی کی اور پھر کاہن کا کمرہ صاف کیا۔ اس کے بعد اس نے لوگوں کو اس واقعہ کے بارے میں بتایا۔ پراسیکیوٹروں کی طرف سے یہ معلومات سامنے آنے کے بعد کاہن کے وکلاء نے انہیں الزامات سے بری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

NO FLASH Anhörung des Ex-IWF-Chefs Strauss-Kahn in New York
اگلی سماعت 18 جولائی کو ہوگیتصویر: dapd

نظر بندی کے دوران اسٹراؤس کاہن پر مسلسل نظر رکھی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ ان کے ساتھ مسلح پہرہ دار بھی رکھا گیا تھا۔ کاہن نے ضرورت پڑنے پر عدالت میں حاضر ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اگلی سماعت 18 جولائی کو ہوگی اور اس دن بھی کاہن کورٹ میں موجود رہیں گے۔ ان کی ضمانت کی 10 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم اور 50 لاکھ کے بانڈز انہیں لوٹا دیے گئے ہیں تاہم ان کا پاسپورٹ ابھی واپس نہیں کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ فی الحال امریکہ سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

آئی ایم ایف کے سابق سربراہ جمعہ کی شام جب نظر بندی سے رہا ہوئے تو ان کی اہلیہ ان کے ساتھ تھیں اور ان کے چہرے پر مسکراہٹ پھیلی ہوئی تھی۔ اسی سال 14 مئی کو گرفتاری سے پہلے تک کاہن کو فرانس کے صدر نكولا سارکوزی کا سب سے مضبوط ممکنہ حریف تصور کیا جاتا تھا۔ فرانس میں آئندہ سال انتخابات ہونے ہیں۔ کاہن کی رہائی سے فرانسیسی سوشلسٹ پارٹی نے ان کی سیاست میں واپسی کی امید ظاہر کی ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں