آئی پیڈ کے لیے اخبار ’’ The Daily ‘‘
3 فروری 2011آئی پیڈ کے مطابق جنوری کے وسط میں اس اخبار کی اشاعت شروع ہونا تھی تاہم کچھ انتظامی مجبوریوں کی وجہ سے اسے فروری تک ملتوی کرنا پڑا۔ نیوزکارپوریشن کے سربراہ روپرٹ مورڈوکھ کے ہاتھوں’آئی پیڈ نیوز پیپر‘ کا با قاعدہ افتتاح ہوا۔
یہ دنیا کا پہلا اخبار ہو گا، جسے خصوصی طور پر کسی ٹیبلٹ کمپیوٹرکے لیے بنایا گیا ہے۔ ابتدائی طورپر یہ ڈیجیٹل اخبار صرف امریکہ کے صارفین تک ہی محدود ہوگا تاہم جلد ہی یہ سروس دنیا بھر میں دستیاب ہو گی۔ اسے ایپل کے ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ مورڈوکھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ یہ منصوبہ ایپل کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دی ڈیلی میں صارفین کی پسند ونا پسند کا خیال رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس میں ہر طبقے کے لیے خبریں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرایکٹو حصے میں دلچسپ اور موضوعات کے مطابق تصاویر بھی موجود ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد ہی یہ سروس دنیا بھر کے ٹیبلٹس کے لیے دستیاب ہو گی۔ مورڈوکھ کے بقول یہ اور آنے والا سال ایپل سے منسوب ہو گا۔
اس روزنامے کی فی ہفتہ قمیت 0.99 ڈالر ہے اور اگر کوئی یہ سہولت سالانہ بنیادوں پر حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے 39.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ مورڈوکھ کہنا تھا کہ ’’دی ڈیلی‘‘ نامی اس ڈیجیٹل اخبار کی قیمت اس لیے اس قدر کم ہے کہ اس کی اشاعت کے لیے پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں اور نہ اسے صارفین کے گھروں یا دفاتر میں پہنچانا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صحافیوں کی ایک مکمل ٹیم بالکل اسی طرح سے کام کرتی ہے، جیسے کسی اخبار کے دفتر میں ہوتا ہے۔
نیوز کارپوریشن کے پاس وال اسٹریٹ جرنل کے انٹرنیٹ ورژن کے حقوق ہیں۔ وال اسٹریٹ کا شماران چند اخبارات میں ہوتا ہے، جن کی انٹرنیٹ پر ترسیل بہت زیادہ ہے۔
ماہرین امید کر رہے ہیں کہ آئی پیڈ کے لیے تیار کیے جانے والے’دی ڈیلی‘ کی مانگ میں اضافہ ہونا لازمی ہے۔ اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایپل کی مصنوعات کی شہرت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ایپل کی جانب سے تجرباتی طور پر شروع کیے جانے والے اس اخبار میں مختلف انداز کی خبروں کو شائع کیا جا رہا ہے تاکہ پڑھنے والوں کے رجحان اور دلچسپی کو اندازہ لگایا جا سکے۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت: افسراعوان