1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایپل آئی پیڈ کی شپنگ شروع

30 مارچ 2010

معروف کمپیوٹر ساز ادارہ ایپل اپنے انتہائی جدید ٹیبلیٹ کمپیوٹر آئی پیڈ کی باقاعدہ فروخت کا آغاز ہفتہ تین اپریل سے کررہا ہے۔ تاہم ایڈوانس بکنگ کرانے والے صارفین کو اس کی شپنگ پیر 29 مارچ سے شروع کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/MhkT
تصویر: AP

آئی پیڈ ہفتے کے روز سےامریکہ بھر میں ایپل اسٹورز کے علاوہ بیسٹ بائے 'Best Buy' نامی الیکٹرونک اسٹورز کی شاخوں پر فروخت کے لئے دستیاب ہوں گے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق بیسٹ بائے پر دستیاب آئی پیڈز کی تعداد بہت ہی محدود ہوگی، یعنی ہر اسٹور پر صرف 15 آئی پیڈ فراہم کئے جائیں گے جن میں سے چار صرف ڈسپلے کے لئے ہوں گے اور فروخت نہیں کئے جاسکیں گے۔

Amerika Apple Ipad Präsentation
ایک امریکی ویب کے مطابق تین مارچ کو فروخت کے لئے پیش کئے جانے والے آئی پیڈز میں 30 ہزار ای بکس مفت فراہم کی جائیں گی۔تصویر: AP

ایپل کمپنی کے اعلان کے مطابق 27 مارچ کے بعد آن لائن آئی پیڈ خریدنے والے صارفین کے لئے اب 12 اپریل سے پہلے اس کمپیوٹر کی شپنگ ممکن نہیں ہوگی۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ آئی پیڈ کی طلب میں اس قدر اضافہ ہے کہ کمپنی کے لئے اس کی رسد ایک مسئلہ بن گئی ہے۔ تاہم کچھ دیگر ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایپل کمپنی کی مارکیٹنگ اسٹریٹیجی بھی ہوسکتی ہے کہ دنیا کو یہ تاثر دیا جائے کہ آئی پیڈ کی مانگ اس قدر زیادہ ہے کہ اب تک تیار تمام کمپیوٹرز فروخت ہوچکے ہیں۔

دوسری طرف ٹیکنالوجی سے متعلق ایک امریکی ویب سائٹ Appadvice.com کا کہنا ہے کہ تین مارچ کو فروخت کے لئے پیش کئے جانے والے آئی پیڈز کے ساتھ 30 ہزار ای بکس مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ ویب سائٹ ایپل مصنوعات کے بارے میں تمام معلومات فراہم کرتی ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں