1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسیان کا اجلاس: امریکا کی غیر معمولی دلچسپی

کشور مصطفیٰ10 اگست 2014

آج میانمار کے دارالحکومت نیپیدا میں جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی سمٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس میں ایشیائی ممالک اور عالمی طاقتوں کے مابین سلامتی کے موضوع کو مرکزی اہمیت حاصل ہوگی۔

https://p.dw.com/p/1Cs6P
تصویر: picture-alliance/dpa

اتوار کی شام آسیان کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ اپنے کلیدی پارٹنرز کے ساتھ مذاکرات کریں گے جن میں امریکا، آسٹریلیا، چین ، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، روس اور یورپی یونین کے مندوبین شامل ہیں۔ علاقائی سلامتی کے حوالے سے اس اجلاس میں اسٹرٹیجک اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کے حامل پانی کے تنازعات پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ وہ چین کے سمندری عزائم پر نظر رکھتے ہوئے اُسے زیر دباؤ لائیں تاکہ خطے میں سمندری تنازعات کے سبب پیدا شدہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

سمندری تنازعات

بیجنگ اور اُس کے جنوب ایشیائی پڑوسی ممالک کے مابین رواں سال چین کے متعدد جنوبی سمندری علاقوں کا تنازعہ شدت اختیار کر چُکا ہے جو خاص طور سے امریکا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی کوشش ہے کہ چین اور اُس کے جنوبی ایشیائی پڑوسی ممالک کے مابین ایک ایسا معاہدہ طے پا جائے جو سمندری تنازعات کی آگ کو مزید بھڑکنے سے روک سکے۔

ASEAN Regional Forum Außenminister-Treffen der Asean-Staaten in Myanmar 09.08.2014
جان کیری نے رسمی طور پر سمندری علاقوں سے متعلق تنازعات کے سلسلے میں امریکی تجویز پیش کر دی ہےتصویر: Reuters

آج بروز اتوار نیپیدا میں منعقد ہونے والے اجلاس میں جان کیری کی شرکت اس امر کا ثبوت ہے کہ یہ تنازعات امریکا کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ اور دینا کے دیگر خطوں کے متعدد سنگین بحرانوں کی طرف ساری دنیا کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں، واشنگٹن کے اعلیٰ سفارتکار جان کیری میانمار میں جنوبی ایشیائی ممالک کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں کیونکہ ایشیا پیسیفک اتحاد امریکی صدر باراک اوباما کی ایشیائی پالیسی کا محور ہے جہاں وہ از سر نو اپنا اثر و رسوخ بڑھانا اور اپنے علاقائی اتحاد کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

جاپانی وزارت خارجہ کے نائب پریس سکریٹری کوئیچی میسوشیما نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا، ’’آج نیپیدا میں ہونے والے آسیان اجلاس میں جنوبی چین کے سمندری علاقوں کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔‘‘

واشنگٹن کی تجویز

ہفتے کے دن جان کیری نے رسمی طور پر سمندری علاقوں کا دعویٰ کرنے والے ممالک کے مابین پائے جانے والی کشیدگی کو مزید پیچیدہ بننے سے روکنے کے لیے واشنگٹن کی ایک تجویز پیش کر دی تھی۔ جس میں تمام فریقوں کو ایسے تمام اقدامات سے پیچھے ہٹنے پر متفق ہونے کو کہا گیا تھا، جن سے حالات مزید کشیدہ اور خراب ہو سکتے ہیں۔

USA USS Zerstörer Vincennes
چین اور اُس کے پڑوسی ممالک کے مابین سمندری علاقے کی عمل داری گہرے اختلافات کا سبب بنی ہوئی ہےتصویر: U.S. Marine Corps

دریں اثناء آج اتوار کو سکیورٹی فورم کے آغاز سے پہلے ہی موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے جان کیری نے اپنے علاقائی اتحادیوں جاپان اور جنوبی کوریا کو دیگر سکیورٹی خدشات کے تناظر میں اعتماد میں لیتے ہوئے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کی ذمہ داریاں پورا کرنے کا یقین دلایا۔ خاص طور سے جوہری طاقت شمالی کوریا سے خطرات کے حوالے سے۔ چاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ نے آج غیر معمولی طور پر دوطرفہ بات چیت کی جس کے بعد اُن کے ساتھ ملاقات میں جان کیری کا کہنا تھا، ’’ہمیں بہت سے اہم امور پر بات چیت کرنا ہے، خاص طور سے ڈیموکریٹک پیپلز رپبلک آف کوریا اور علاقائی سلامتی امور کے حوالے سے۔‘‘

امریکا نے عالمی سطح پر الگ تھلگ یا تنہا نظر آنے والے پیونگ یانگ سے اُن دو امریکی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے، جن پر شمالی کوریا میں مقدمات چل رہے ہیں۔ ساتھ ہی واشنگٹن نے اپنے باشندوں کو شمالی کوریا کے سفر سے پرہیز کرنے کو کہا ہے۔