’آفریدی کو نیچا دکھانے کے لیے کھلاڑی ہارنے کو تیار تھے‘
12 اکتوبر 2011لندن میں ساؤتھ وارک کراؤن کی عدالت کو بتایا گیا کہ چند کھلاڑی چاہتے تھے کہ سلمان بٹ ایک روزہ میچوں کی بھی کپتانی کریں تاکہ وہ سٹے بازی کے ذریعے خوب دولت کمائیں۔ یہ بیانات لندن میں مقیم بعض پاکستانی کرکٹرز کے ایجنٹ مظہر مجید کے حوالے سے عدالت کے سامنے پیش کیے گئے۔
عدالت کو اُس واقعے کے بارے میں بھی بتایا گیا، جب ایک خفیہ بھارتی شخص نے قریب ساڑھے دس لاکھ ڈالر کے عوض یہ مطالبہ کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی جیتی بازی کو ہار میں بدل دیں۔ یاد رہے کہ اوول میں کھیلا گیا یہ میچ پاکستان نے چار وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور تیز گیند باز محمد آصف پر چل رہے اس مقدمے کے دوران مظہر مجید اور سابق برطانوی روزنامے نیوز آف دی ورلڈ کے خفیہ رپورٹر مظہر محمود کی ملاقات کی ویڈیو دکھائی گئی۔ ان دو پاکستانی کھلاڑیوں اور نوجوان گیند باز محمد عامر پر الزام ہے کہ انہوں نے بھاری رقوم کے عوض کھیل کے تقدس کو پامال کیا اور جواریوں کے کہنے پر ایک مخصوص وقت پر دانستہ طورپر ’نو بالز‘ کروائیں۔
پاکستانی کھلاڑی ان الزامات کو سازش اور دھوکے کا نام دے کر مسترد کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مظہر مجید ایک لاکھ چالیس ہزار برطانوی پاؤنڈ کی رقم مظہر محمود سے وصول کرتے ہوئے اُسے بتاتا ہے کہ اگلے میچوں میں پاکستانی بولرز وہ کچھ کریں گے، جو اسے پہلے سے پتہ ہے۔ ایک روزہ اورٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کے کپتان شاہد آفریدی کے خلاف ان کھلاڑیوں کی گروپ بندی سے متعلق اس ویڈیو میں کہا جاتا ہے کہ چونکہ آفریدی ان کے معاملات بگاڑ دے گا اسی لیے وہ اُسے کپتانی سے ہٹوانا چاہتے ہیں۔ مظہر کے بیان میں کامران اکمل کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
برطانیہ میں اس مقدمے کی سماعت بدھ کو بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ مظہر مجید اور محمد عامر الزامات کے باوجود اس مقدمے کا سامنا نہیں کر رہے جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف مقدمے کی سماعت میں موجود ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ سے متعلق تازہ پیشرفت کے مطابق ملکی صدر آصف علی زرداری نے کرکٹ بورڈ کے متنازعہ چیئرمین اعجاز بٹ کی جگہ ذکاء اشرف کو یہ ذمہ داری دے دی ہے۔ ذکاء اشرف نے پیشہ ور کرکٹ نہیں کھیلی بلکہ وہ حکمران پیپلز پارٹی کے ایگزیکیٹیو کمیٹی کے رکن اور زرعی ترقیاتی بینک کے سابق صدر ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ کی ساکھ بہتر کرنے کے لیے وہ انتھک محنت کریں گے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عاطف بلوچ