ابوظہبی ٹیسٹ، پاکستان کی عمدہ کارکردگی
18 اکتوبر 2011پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستانی اوپنرز نے آٹھ اوورز میں ستائیس رنز بنا لیے ہیں۔ محمد حفیظ سترہ جبکہ توفیق عمر آٹھ رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سےقبل پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستانی بولرز نے اپنی عمدہ بولنگ سے سری لنکا کے تمام بلے بازوں کو پریشان کر دیا۔
سری لنکا کی طرف سے نمایاں بلے باز اینجلو میتھیوز رہے، جنہوں نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے ایسے وقت میں محتاط اننگز کھیلی جب سری لنکا کے تمام بلے باز ناکام ہو چکے تھے۔
سری لنکا کی طرف سے دوسرے نمایاں بلے باز اوپنر تھارنگا پراناویترا نے سینتیس رنز بنائے جبکہ جے وردھنے اٹھائیس رنز بنا سکے۔
پاکستان کی طرف سے جنید خان نے پانچ، سعید اجمل اور عمر گل نے دو دو جبکہ اعزاز چیمہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ابوظہبی اور دبئی میں جاری اس سیریز کے دوران سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں تین ٹیسٹ میچ ، پانچ ایک روزہ میچ اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلیں گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: حماد کیانی