اسد حکومت کی اقتدار پر گرفت اب بھی مضبوط
17 جنوری 2012شام کی صورتحال تعّطل کی شکار ہو چکی ہے۔ بيرونی ممالک کے پاس حکومت کے مخالفين پر تشدد اور اُن کی ہلاکتوں کو روکنے کے ليے کوئی وسائل معلوم نہيں ہوتے۔ ملک اسد کے مخالفين اور حاميوں ميں منقسم ہوتا جارہا ہے، جو خانہ جنگی کے ليے بہت سازگار فضا ہے۔ بعض علاقوں پر حکومت کا کنٹرول نہيں ہے۔ اسد حکومت کے خلاف کسی اقدام کی چين اور روس کی طرف سے مسلسل مخالفت کے باعث اقوام متحدہ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہيں۔ عرب ليگ کا شام کو روانہ کردہ وفد ناکامی کا سامنا کر رہا ہے۔ کئی ہفتوں سے غائب رہنے کے بعد بشارالاسد 24 گھنٹوں کے اندر دو مرتبہ منظرعام پر نمودار ہوئے ہيں۔ اُنہيں غير ملکی فوجی مداخلت کا خوف نہيں ہے۔ اُن کے بدترين دشمن اسرائيل، مغربی ممالک اور خليج کی عرب رياستيں بھی اُن کی اس پيشگوئی کو تسليم کرتی ہيں کہ فوجی مداخلت سے پورے مشرق وسطٰی ميں آگ کے شعلے بھڑک اٹھيں گے۔
شام کے امور سے اچھی طرح باخبر جوزف کيشيچين کا کہنا ہے کہ فوج سے فرار ہونے والے شامی حکومت کے ليے کوئی خاص خطرہ نہيں ہيں: ’’شامی فوج سے فرار ہونے والوں کی صحيح تعداد پتہ کرنا بہت مشکل ہے۔ يقيناً يہ فوج کے ليے ايک مسئلہ ہے اور يہ جاری بھی رہے گا۔ ليکن فيصلہ کن سوال تو يہی ہے کہ کيا يہ حکومت کے خاتمے کے ليے کافی ہو گا؟‘‘
اسد کے اقتدار پر قابض رہنے ميں فيصلہ کن کردار اُن کے بھائی کے زير کمان خصوصی دستوں اور اُن سے منسلک خفيہ اداروں کا ہے۔ اس کے علاوہ نيم فوجی دستے بھی ہيں، جو انتہائی وحشيانہ انداز ميں تشدد کرتے ہيں۔ اُن ميں وفادارياں تبديل کرنے کے رجحانات ظاہرنہيں۔ انہيں معلوم ہے کہ اس کے نتيجے ميں وہ کن خصوصی مراعات سے محروم ہو جائيں گے۔
شامی فوج آزادی کے مسلح دستے سرکاری تنصيبات پر حملے تو کر رہے ہيں ليکن خود اُن کے کمانڈروں کو بھی يہ تک نہيں معلوم کہ يہ فوج کتنی بڑی ہے۔ کبھی کہا جاتا ہے کہ وہ 40 ہزار کی ہے اور کبھی 20 ہزار کی بات کی جاتی ہے۔ اسد کو اپنی علوی اقليت اور ملک کے خاموش رہنے والے سنی مسلمانوں اور مسيحيوں پر پورا بھروسہ ہے، جو معاشی طور پر کامياب ہيں۔
خليجی ممالک اور سعودی عرب کی مخالفت کے باوجد اسد کو عراق، لبنان اور الجزائر کی حمايت حاصل ہے۔ اپوزيشن ميں پھوٹ ہے اور اسد کے بعد کے دور کے ليے اُن کے پاس کوئی ایسا منصوبہ نہيں، جو تذبذب کے شکار شاميوں کو قائل کر سکے۔
رپورٹ: اُلرش لائڈ بولٹ، عمان / شہاب احمد صديقی
ادارت: عدنان اسحاق