1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام مخالف جرمن سیاسی جماعت اے ایف ڈی کو جرمانے کا سامنا

10 جنوری 2020

برلن کی پارلیمانی انتظامی عدالت نے اسلام اور مہاجرین مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس پارٹی کو انتخابی مہم میں غیر قانونی عطیہ وصول کرنے کے اسکینڈل کا سامنا تھا۔

https://p.dw.com/p/3VzuI
Geldscheine auf einem AfD Logo
تصویر: imago/Steinach

دائیں بازو کی سخت نظریات کی حامل جرمن سیاسی پارٹی AfD پر یہ جرمانہ ملکی پارلیمنٹ کی جانب سے عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کا حجم دو لاکھ انہتر ہزار یورو (تقریباً تین لاکھ امریکی ڈالر) ہے۔ اس جرمانے کی وجہ سوئٹزرلینڈ کی تعلقات عامہ کی اشتہاری کمپنی کے ذریعے مکمل کی گئی اشتہاری مہم تھی۔

عطیے کی رقم سن 2016 میں اے ایف ڈی پارٹی کے شریک سربراہ ژؤرگ میوتھن کو دی گئی تھی۔ میوتھن نے پارلیمنٹ کی انتظامی عدالت کے سامنے دیے گئے بیان میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں کسی سے عطیہ لینا ممنوع ہے اور یہ سب اُن کے ناتجربے کاری کا نتیجہ تھا۔

حاصل کردہ عطیے سے انتخابی مہم کے دوران اشتہار بازی کی گئی تھی۔ اشتہاری مواد گول اے جی نامی کمپنی کے توسط سے حاصل کیا گیا۔ ان کے حصول کے لیے جو رقم اے ایف ڈی کو عطیے کے طور پر حاصل ہوئی وہ نواسی ہزار یورو تھی۔ اس طرح جرمن پارلیمنٹ نے جو جرمانہ عائد کیا ہے وہ عطیے میں ملنے والی رقم کا تین گنا ہے۔ پارٹی نے اشتہارات باڈن ورٹمبرگ کے ریاستی انتخابات کے لیے حاصل کیے تھے۔

Symbolbild - Die Milchmädchenrechnung
جرمن سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یورپی یونین سے باہر کے عطیات وصول کرنا ممنوع ہےتصویر: picture-alliance/W. Rothermel

جرمن پارلیمنٹ بنڈس ٹاگ کے فیصلے میں تحریر کیا گیا کہ اے ایف ڈی کے لیے سوئٹزرلینڈ کی اشتہاری کمپنی گول اے جی  نے جو پوسٹرز، دستی پرچے اور اخباری اشتہار اشاعت کے بعد فراہم کیے تھے، وہ غیرقانونی تھے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ان کے لیے جو رقوم پارٹی نے خرچ کی تھیں، اُن کا ذریعہ بھی انتظامی عدالت کو نہیں بتایا گیا۔

یہ امر اہم ہے کہ جرمن سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یورپی یونین سے باہر سے کسی بھی قسم کے عطیات کو وصول کرنا ممنوع ہے۔ سوئٹزرلینڈ یورپی یونین میں شامل نہیں ہے۔ اس قانون کے تحت امیدوار کو ایسا کوئی عطیہ لیتے وقت اُس کے ذریعے کے بارے میں آگہی رکھنا لازمی ہوتا ہے۔ ژؤرگ میوتھن نے عطیہ وصول تو کرلیا لیکن اُس کے جائز اور ناجائز ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

ع ح ⁄ (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں