1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسکول آف ٹومارو‘، کراچی میں پہلا تعلیمی و ثقافتی میلہ

عنبرین فاطمہ، کراچی29 نومبر 2015

کراچی میں ’اسکول آف ٹومارو‘ کے نام سے دو روزہ بین الاقوامی تعلیمی و ثقافتی میلہ 29 نومبر کو اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ اس میلے میں ملک میں تعلیم کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HEKH
Pakistan Diskussion an der School of Tomorrow
کراچی میں ’اسکول آف ٹومارو‘ کے نام سے دو روزہ بین الاقوامی تعلیمی و ثقافتی میلے کے دوران ہونے والے ایک مذاکرے کا منظرتصویر: DW/F. Unbreen

’اسکول آف ٹومارو‘ کے نام سے کانفرنسوں کے سلسلے کا آغاز 15 برس قبل پاکستان کے ایک پرائیویٹ اسکول نیٹ ورک کی طرف سے کیا گیا تھا۔ اس کانفرنس کے دوران منعقد کیے جانے والے ایونٹس میں عوام بھی شریک ہوتے ہیں اور ماہرین تعلیم بھی۔ ان ایونٹس کے دوران پاکستان میں اسکولوں کی سطح پر معیار تعلیم کی بہتری کے علاوہ اسکولوں میں تعلیم کے لیے استعمال ہونے والے طریقہٴ کار کی بہتری کے اقدامات بھی زیر غور آتے ہیں۔

اس کانفرنس میں خاص طور پر دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے تعلیمی نظاموں اور کلاس روم پریکٹسز کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جاتا ہے اور انہیں پاکستان میں لاگو کرنے کے لیے اقدامات تجویز کیے جاتے ہیں۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس پہلے میلے کے انعقاد کا مقصد علاقائی سیاست و عالمی سکیورٹی، ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، فن و ثقافت اور ماحول و معاشرے جیسی بیرونی طاقتوں کے اسکول پر پڑنے والے اثرات کو سمجھنا اور مستقبل کے لیے نئی سمتیں متعین کرنے کے لیے تجاویز دینا ہے۔

پاکستان کے ایک پرائیویٹ نیٹ ورک بیکن ہاؤس گروپ کی جانب سے منعقد کیے گئے اس میلے میں 140 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شریک ہیں، جو مجموعی طور 42 سے زائد مختلف سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان میں آسٹریلوی اور امریکی ماہرین بھی شامل ہیں۔

پہلے روز منعقد ہونے والے سیشن میں معاشی بحران میں تعلیم کے ذریعے بقا، تعلیم کے مستقبل کے لیے نئی سمتوں کے تعین اور تصادم کے دور میں تعیلم کے ذریعے امن جیسے اہم موضوعات پر پینل ڈسکشنز ہوئیں۔

Pakistan Diskussion an der School of Tomorrow
ایک مذاکرے کے حاضرین میں سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری بھی نمایاں نظر آ رہے ہیں، جو کراچی کے اس میلے کو منظم کرنے والے پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک بیکن ہاؤس گروپ سے وابستہ ہیںتصویر: DW/F. Unbreen

عصر حاضر کے والدین کے لیے ایک اہم مسئلہ کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے باعث بچوں کا متاثر ہونا ہے۔ اس حوالے سے ’اسکول آف ٹومارو‘ کانفرنس کے دوران 13 سال سے کم عمر بچوں کے فیس بک استعمال کرنے کے حوالےسے بھی ایک خصوصی مکالمہ ہوا، جس میں والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس میں ماہرین نے اپنے رائے کا اظہار کیا۔

بچوں کے تعلیمی مستقبل پر ہونے والے اس میلے کی سب سے خاص بات فل اسٹیم (Full STEAM) کے نام سے ہونے والی نمائش ہے۔ اس میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور میڈیا سے متعلق طالب علموں کی جانب سے مختلف اشیاء رکھی گئیں۔ اس کے علاوہ ’میکر اسپیس‘ کے نام سے منعقدہ نمائش بھی بڑوں بچوں دونوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

Pakistan Diskussion an der School of Tomorrow
اس میلے میں 140 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ماہرین شریک ہیں، جو مجموعی طور 42 سے زائد مختلف سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیںتصویر: DW/F. Unbreen

دو دن تک جاری رہنے والا یہ میلہ اتوار 29 نومبر کی شب اختتام کو پہنچے گا۔ اختتامی تقریب میں معروف گلوکار علی عظمت کے کنسرٹ کے علاوہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی شامل ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید