افغان ہزارہ کمیونٹی سڑکوں پر، کابل میں کاروبار زندگی مفلوج
16 مئی 2016TUTAP نام کی بجلی کی لائن کے علاقائی منصوبے میں ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، افغانستان اور پاکستان شامل ہیں۔ اس منصوبے کو ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون حاصل ہے۔ ابتدائی پروگرام کے مطابق بجلی کی اس لائن کو وسطی صوبے بامیان سے ہو کر گزرنا تھا، جہاں ہزارہ کمیونٹی کے زیادہ تر ارکان آباد ہیں۔ 2013ء میں سابقہ کابل حکومت نے اس لائن کا رُوٹ بدل دیا تھا۔
تیس ملین نفوس پر مشتمل ہزارہ کمیونٹی افغان آبادی کا پندرہ فیصد بنتی ہے اور انتہائی غریب ہے۔ اس کمیونٹی کے رہنماؤں کے مطابق اس لائن کے رُوٹ میں تبدیلی اس امر کا ثبوت ہے کہ ہزارہ اقلیت کے ساتھ مسلسل امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں بھی افغانستان کی ہزارہ کمیونٹی کے ارکان نے باغیوں کے ہاتھوں اپنے متعدد ارکان کے سر قلم کیے جانے کے خلاف کابل میں ایک احتجاجی جلوس نکالا تھا، جو پُر تشدد شکل اختیار کر گیا تھا۔
گزشتہ نومبر کے تجربات کی روشنی میں خدشات ہیں کہ تازہ مظاہرہ بھی پُر تشدد رنگ اختیار کر سکتا ہے چنانچہ کابل میں زیادہ تر دوکانیں بند ہیں اور حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ مرکزی کاروباری علاقے کو جانے والی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے بھی اور عام راہگیروں کے لیے بھی بند کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو ایک مخصوص رُوٹ پر ہی رہنے کی ہدایت کی ہے اور راستے میں کنٹینرز رکھ دیے ہیں تاکہ مظاہرین صدارتی محل تک نہ پہنچ سکیں۔
کابل میں دیگر سفارت خانوں اور اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈز کے ساتھ ساتھ امریکی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کو بھی بند کر دیا گیا ہے اور امریکی شہریوں کو اپنی نقل و حرکت محدود کر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہزارہ کمیونٹی کو اپنے اس احتجاج میں دیگر نسلی گروپوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ملک میں بڑھتی بے روزگاری، جمود کی شکار معیشت اور پندرہ سال سے جاری اور مسلسل پھیلتی بغاوت کے باعث افغانستان کا سیاسی بحران سنگین تر ہو چکا ہے۔ یوں ملک میں امن و استحکام لانے کے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام ہونے والے صدر اشرف غنی بھی سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔
اپنی ضرورت کی پچھتر فیصد بجلی درآمد کرنے والے افغانستان کی چالیس فیصد سے بھی کم آبادی کو بجلی کی سہولت حاصل ہے۔ صدر اشرف غنی نے بجلی کی اس لائن کا رُوٹ پھر سے بامیان سے گزارنے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک بارہ رُکنی ٹیم مقرر کر دی ہے اور اس ماہ کے اواخر تک اس کمیٹی کی تحقیقات کے نتائج سامنے آنے تک اس منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔