1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں لیبیا کی رکنیت معطل

2 مارچ 2011

عالمی سلامتی کونسل نے متفقہ رائے سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں لیبیا کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ لیبیا میں معمر قذافی کی حامی فورسز کی حکومت مخالف مظاہرین کی خلاف خونریز کارروائیوں کی وجہ سے کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/10Rie
تصویر: AP

نیو یارک سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق عالمی ادارے کی سلامتی کونسل کو جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی کونسل نے، جو اقوام متحدہ کا انسانی حقوق سے متعلق اعلیٰ ترین ادارہ ہے، یہ سفارش کی تھی کہ 192 رکنی سکیورٹی کونسل کو جنیوا کی کونسل میں لیبیا کی رکنیت معطل کر دینا چاہیے۔

اس پر عالمی سلامتی کونسل نے منگل کی رات متفقہ رائے سے نہ صرف لیبیا کی رکنیت معطل کر دی بلکہ ساتھ ہی بالواسطہ طور پر انسانی حقوق کی کونسل کے گزشتہ جمعہ کے روز اختیار کیے جانے والے اس موقف کو بھی درست تسلیم کر لیا کہ لیبیا میں معمر قذافی اور ان کے قریبی رفقاء ملک میں انسانی حقوق کی شدید اور منظم خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

NO FLASH Libyen Situation im Osten
لیبیا کے ایک مشرقی شہر کا منظرتصویر: picture alliance/dpa

نیو یارک میں سلامتی کونسل کے لیبیا سے متعلق اتفاق رائے سے کیے جانے والے فیصلے کے بعد عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے انسانی حقوق کی کونسل میں لیبیا کی رکنیت کی معطلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی کونسل کا یہ فیصلہ بھی درست ہے کہ لیبیا میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی چھان بین کرائی جانی چاہیے اور ساتھ ہی سلامتی کونسل کا یہ اقدام بھی مثبت ہے کہ لیبیا کا معاملہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں بھیجا جانا چاہیے۔

بان کی مون نے کہا: ’’یہ تمام اقدامات ایک ایسا واضح اور اہم پیغام ہے، جس کے شمالی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا کے لیے اہم نتائج نکلیں گے۔ پیغام یہ ہے کہ انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کو سزا ملے گی، کسی کے لیے کوئی معافی نہیں ہو گی اور انصاف اور احتساب کے بنیادی اصولوں کو ہی بالآخر فتح نصیب ہو گی۔‘‘

Schweiz Wirtschaft Weltwirtschaftsforum in Davos UN Ban Ki mmoon Flash-Galerie
بان کی مونتصویر: AP

اس موقع پر اقوام متحدہ میں امریکہ کی خاتون سفیر سوزن رائس نے بھی بان کی مون ہی کی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ انسانی حقوق کی کونسل میں لیبیا کی رکنیت کی معطلی ان ریاستوں کے لیے ایک کھلا پیغام ہے، جو اپنی بندوقوں کا رخ اپنے ہی عوام کی طرف کیے ہوئے ہیں۔

سوزن رائس کے بقول ایسے رہنما اور ایسی ریاستیں، جو ایسے جرائم کی مرتکب ہوتی ہیں، ان کے لیے اقوم متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں