1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

البانیا نے مہاجرین کے یورپی مراکز کی میزبانی سے انکار کر دیا

27 جون 2018

مشرقی یورپی ملک البانیا کا کہنا ہے کہ پناہ کی تلاش میں یورپی یونین کا رخ کرنے والے تارکین وطن کے لیے البانیا میں خصوصی مراکز کے قیام کے بارے میں کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/30NrN
Bildergalerie Kosovo Krieg 15 Jahre Flüchtlinge Grenze Albanien
تصویر: Joel Robine/AFP/GettyImages

اپنے ہاں مہاجرین کے خصوصی مراکز کے قیام کی یورپی تجویز مسترد کرتے ہوئے البانیا کے وزیر اعظم ایڈی راما کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسانوں کے ساتھ ’زہریلے فاضل مادے‘ جیسا برتاؤ نہیں کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے یہ موضوع زیر بحث تھا کہ یورپی یونین میں مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے پناہ کے متلاشی افراد کو یونین کی حدود سے باہر کسی ملک میں بنائے گئے خصوصی مراکز میں رکھا جائے گا۔ ایسے تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں انہی مراکز میں قیام کے دوران ہی نمٹائی جائیں گی۔

البانیا کی سرحدیں یونان سے بھی ملتی ہیں اور یہ مشرقی یورپی ملک اٹلی سے بھی زیادہ دور نہیں۔ اسی وجہ سے یہ تجویز سامنے آ رہی تھی کہ یورپی یونین کی حدود سے باہر مہاجرین کے مراکز کے قیام کے لیے البانیا ہی موزوں جگہ ہو گی۔

تاہم آج ستائیس جون بروز بدھ البانیا کے وزیر اعظم ایڈی راما نے جرمن روزنامے ’بلڈ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے خصوصی مراکز کے قیام کا مطلب ’پناہ کے متلاشی افراد کو ایسے زہریلے فاضل مادے کی طرح کسی جگہ پھینک دینے کے مترادف ہے، جسے کوئی بھی اپنانا نہیں چاہتا‘۔

مشرقی یورپ میں واقع ملک البانیا یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی بھی کوشش میں ہے۔ تاہم البانوی وزیر اعظم نے بلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے برسلز پر واضح کر دیا ہے کہ رکنیت کے حصول کے مذاکرات میں تارکین وطن کے خصوصی مراکز کے قیام کی شرط شامل کر کے البانیا کو اس معاملے پر قائل نہیں کیا جا سکتا۔

یورپی یونین نے گزشتہ روز ہی آئندہ برس جون میں البانیا کی رکنیت کے سلسلے میں مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ مہاجرین کے لیے خصوصی مراکز کے بارے میں البانیا کے اس واضح اعلان کے بعد امکان ہے جمعرات کے روز شروع ہونے والی یونین کی سمٹ میں مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے ’مشترکہ یورپی حل‘ کی تلاش مزید مشکل ہو جائے گی۔

ش ح/ ص ح (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید