1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امارات کے مسافر طیارے کی کریش لینڈنگ، دبئی ایئر پورٹ بند

مقبول ملک3 اگست 2016

بھارت سے آنے والے متحدہ عرب امارات کی امارات ایئر لائنز کے ایک مسافر طیارے کو دبئی ایئر پورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران کریش لینڈنگ کرنا پڑ گئی، جس دوران طیارے کو آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/1Jaxo
VAE Emirates-Boeing geht nach Notlandung in Flammen auf in Dubai
تصویر: picture-alliance/dpa/EPA/Str

دبئی سے بدھ تین اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق امارات ایئر لائنز کی یہ مسافر پرواز EK521 بھارت میں تِھیرُوواننتھاپورم سے دبئی آ رہی تھی اور اس میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کُل 300 افراد سوار تھے۔

دبئی کی حکومت اور امارات ایئر لائنز کی انتظامیہ کے مطابق دبئی ایئر پورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران اس طیارے کو کریش لینڈنگ کرنا پڑ گئی، جس دوران اس ہوائی جہاز کو آگ لگی گئی۔ تاہم بوئنگ 777 طرز کے اس مسافر طیارے میں سوار تمام افراد کو بحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا۔

امارات ایئر لائنز کے مطابق ممکنہ طور پر اس مسافر بردار ہوائی جہاز کو کریش لینڈنگ اس لیے کرنا پڑی کہ دبئی ایئر پورٹ کے رن وے کی طرف پرواز کے دوران غالباﹰ اس کے پہیے بروقت کھل نہیں سکے تھے۔ تاہم یہ وجہ ابھی حتمی اور مصدقہ نہیں ہے اور حادثے کی اصل وجوہات کے تعین کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس حادثے کے بعد دبئی ایئر پورٹ کو، جو اپنے ہاں بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد کے لحاط سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ سمجھا جاتا ہے، غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

اس حادثے کے بعد اس واقعے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح کریش لینڈنگ کے بعد طیارے کو آگ لگنے کے نتیجے میں اس میں سے گہرا دھواں اٹھ رہا تھا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

Dubai International Airport
دبئی ایئر پورٹ کو فی الحال غیر معینہ عرصے کے لیے بند کر دیا گیا ہےتصویر: Reuters/A. Mohammad

دبئی حکومت کے میڈیا آفس کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے، ’’یہ حادثہ بھارت سے آنے والی امارات ایئر لائنز کی ایک پرواز کو پیش آیا، جس کے بعد تمام مسافروں اور عملے کے تمام ارکان کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔‘‘

اس واقعے کے بعد مقامی ہوائی اڈوں کے انتظامی ادارے دبئی ایئر پورٹس نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اعلان کیا، ’’ایئر پورٹ حکام نے آئندہ فیصلے تک دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہر طرح کے آپریشن روک دیے ہیں۔‘‘

امارات ایئر لائنز کے مطابق اس طیارے میں مجموعی طور پر 300 افراد سوار تھے، جن میں سے 282 مسافر تھے اور باقی عملے کے 18 ارکان۔ مسافروں میں سے 226 بھارتی، 24 برطانوی اور 11 متحدہ عرب امارات کے شہری بتائے گئے ہیں جبکہ باقی مسافروں کا تعلق دیگر ملکوں سے ہے۔

دبئی سے اس واقعے کے بارے میں عالمی وقت کے مطابق بدھ کو بعد دوپہر تک ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا کہ دبئی ایئر پورٹ کی ایمرجنسی سروسز کے کارکن اس طیارے کو لگی آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں