1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ کا داعش کے سربراہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

10 جولائی 2023

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ شام میں اس کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کے نتیجے میں داعش کے رہنما اسامہ المہاجر ہلاک ہو گئے۔ امریکہ کے مطابق داعش نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے دیگر ملکوں کے لیے بھی اب بھی خطرہ بنا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/4TeCF
MQ-1C Gray Eagle Drohne
تصویر: Yonhap/picture alliance

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کوم) نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ شام میں روسی جنگی طیاروں  کے ذریعہ امریکی ڈرونز کو ہراساں کیے جانے کے چند گھنٹے بعد اس جنگ زدہ ملک میں ایک امریکی ڈرون نے حملہ کرکے اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے گروپ لیڈر کو ہلا ک کردیا۔

سینٹ کوم نے بیان میں بتایاکہ جمعے کے روز کیے گئے اس حملے کے نتیجے میں مشرقی شام میں داعش کے رہنما اسامہ المہاجر مارے گئے۔

سینٹ کوم کے سربراہ جنر ل مائیکل کوریلا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے،"ہم نے یہ واضح کردیا ہے کہ ہم نے اس پورے خطے میں داعش کو شکست سے ہمکنار کرنے کا عزم کررکھا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "داعش اب بھی اس خطے اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔"

سینٹ کوم نے دعویٰ کیا ہے اس کارروائی کے دوران کسی سویلین کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے تاہم آپریشن کے بعد اتحادی فورسز "ایک شہری کے زخمی ہوجانے کی خبروں کا جائزہ لے رہی ہیں۔"

امریکہ کا کہنا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے امریکی ریپر ڈرونز کو ہراساں کیا تھا
امریکہ کا کہنا ہے کہ روسی جنگی طیاروں نے امریکی ریپر ڈرونز کو ہراساں کیا تھاتصویر: U.S. Air Force/AP/picture alliance

اسامہ المہاجر کی ہلاکت کی تفصیلات نہیں

بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے رہنما کے خلاف حملے میں جس ڈرون کا استعمال کیا گیا اسے اسی روز کچھ پہلے روسی جنگی طیاروں نے ہراساں کیا تھا۔

ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعہ کے روز تین امریکی ریپرڈرونز عسکریت پسندوں کی تلاش میں پرواز کررہے تھے، جب انہیں روسی طیاروں نے تقریباً دو گھنٹے تک ہراساں کیا۔

امریکی فضائیہ کی مرکزی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل الیکس گرنکیوچ نے ایک بیان میں کہا کہ روسی طیاروں کو غیرپیشہ ورانہ انداز میں ڈرونز کے قریب راستوں میں اڑایا گیا، جس کی وجہ سے ایم کیو-9 نے غیرمحفوظ حالات سے بچنے کے لیے رد عمل ظاہر کیا۔

یورپ میں حملوں کے منصوبہ ساز داعش رہنما امریکی حملے میں ہلاک

اس کے کچھ ہی دیر بعد حلب کے علاقے میں امریکی ڈرون نے موٹر سائیکل پر سوار اسامہ المہاجر کو میزائل حملے کا نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت اسامہ المہاجر شمال مغربی شام میں تھے حالانکہ وہ بالعموم مشرقی علاقے میں ہوتے ہیں۔

 فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوا کہ امریکی فوج نے اسامہ المہاجر کی شناخت اور ہلاکت کی تصدیق کیسے کی ہے۔ حملے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بدھ اور جمعرات کے روز بھی روسی جنگی طیاروں نے امریکی ریپر ڈرونز کو ہراساں کیا تھا، جس کی ویڈیو بھی اس نے جاری کی تھی۔

شام میں داعش کا مشتبہ سربراہ ہلاک کر دیا گیا، ترکی

جمعرات کے روز امریکی فوج نے کہا تھا کہ روسی لڑاکا طیاروں نے شام کے اوپر فرانسیسی اور امریکی طیاروں کے خلاف "ناقابل یقین حد تک غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ انداز میں "پرواز کی تھی۔

امریکی فضائیہ کے سنٹرل کمانڈ کے ترجمان مائیکل اینڈریو کا کہنا تھا کہ جمعرات کو پیش آنے والا واقعہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

اس سال کے اوائل میں اس وقت ایک مختصر سفارتی تنازعہ پیدا ہوگیا تھاجب امریکہ نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی لڑاکا طیاروں نے اس کے ایک ریپر ڈرون کو مار گرایا، جس کی مالیت 30ملین ڈالر تھی اور جو انتہائی حساس ترین جاسوسی آلات سے لیس تھا۔ یہ ڈرونز بحر اسود کے اوپر پرواز کررہا تھا۔

ماسکو نے مار چ میں پیش آنے والے اس واقعے کے الزامات کی تردید کی تھی تاہم امریکی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو فوٹیج میں روسی طیاروں کو امریکی ڈرون کے راستے میں منڈراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)