امریکی ریاست کولاراڈو میں فائرنگ، سات افراد ہلاک
10 مئی 2021امریکی ریاست کولاراڈو میں پولیس نے بتایا کہ اتوار کے روز ایک بندوق بردار نے کولاراڈو میں ایک سالگرہ پارٹی میں فائرنگ کرکے اپنی گرل فرینڈ اور پانچ دیگر لوگوں کو ہلاک کردیا اور بعد میں اسی ہتھیار سے اپنے آپ کو بھی گولی مار لی۔
پولیس حکام کو نصف شب کے ذرا بعد ڈینیور کے بعد ریاست کے دوسرے سب سے بڑے شہر کولاراڈو اسپرنگس کے ایک مکان سے فون کال موصول ہوئی۔ پولیس جب جائے واقعہ پر پہنچی تو چھ بالغ افراد کو وہاں مردہ حالت میں پایا جب کہ ایک شخص بری طرح زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیا۔
یہ سالگرہ پارٹی ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کے لیے منعقد کی گئی تھی جس میں اس کے دوست، خاندان کے افراد اور بچے بھی شریک تھے۔ ابھی تک نہ تو یہ معلوم ہوسکا ہے کہ فائرنگ کے پیچھے اصل مقصد کیا تھا اور نہ ہی بندوق بردار کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دوران جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، گھر میں بچے بھی موجود تھے تاہم ان میں سے کوئی زخمی نہیں ہوا ہے اور وہ اس وقت اپنے رشتہ داروں کے پاس ہیں۔
حکام کا ردعمل
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکی یوم مادر منا رہے تھے۔ کولاراڈو کے گورنر جاریڈ پولیس نے ان ہلاکتوں کو ”انتہائی المناک" قرار دیا۔ انہوں نے کہا ”تشدد کے اس خوفناک واقعے میں آج بہت سی جانیں ضائع ہوگئیں۔“
جس موبائل ہوم پارک میں یہ واقعہ پیش آیا وہ کولاراڈو اسپرنگس ہوائی اڈے کے بالکل قریب واقع ہے جب کہ شہر کے ڈاون ٹاون علاقے سے اس کی دوری صرف چھ کلومیٹر ہے۔ یہاں ایک سوئمنگ پول، ایک کھیل کا میدان اور تقریباً 500 موبائل مکانات ہیں۔
کولوراڈو اسپرنگس محکمہ پولیس کے سربراہ ونسی نسکی نے کہا ”میری دلی تعزیت ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپناعزیز کھو دیا اور ان بچوں کے ساتھ ہے جو اپنے والدین سے محروم ہوگئے۔"
کولوراڈو اسپرنگس کے میئر جون سوتھرز نے فائرنگ کے اس واقعے کو ”دہشت گردی کی احمقانہ حرکت" قرار دیا۔
امریکا میں 'گن وائلینس‘
کولوراڈو میں فائرنگ کا یہ واقعہ امریکا میں گن وائلینس کا تازہ ترین واقعہ ہے جس نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ صدر جو بائیڈن گن وائلینس کو امریکی قوم کے لیے ”بین الاقوامی شرمندگی" قرار دیتے ہوئے ہتھیاروں پر سخت پابندی کا عہد کر چکے ہیں۔
مارچ میں بولڈر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
فائرنگ کا سب سے افسوس ناک واقعہ غالباً کولاراڈو کا 1999 کا وہ واقعہ ہے جس میں دو طلبہ نے کولمبائن ہائی اسکول میں اندھا دھند فائرنگ کرکے تیرہ افراد کو ہلاک کردیا تھا اور پھر خود کشی کرلی تھی۔
ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)