1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی کی قرضوں کے بحران کو سلجھانے کے لیے چین سے بانڈز خریدنے کی توقعات

13 ستمبر 2011

منگل کو اٹلی کی جانب سے اپنے طویل المیعاد قرضوں کے بحران پر قابو پانے کے لیے ایک نئے پانچ سالہ بانڈ سمیت 7 بلین یورو کے قرضوں کی نیلامی کی جا رہی ہے اور اسے امید ہے کہ چین ان کا خاطر خواہ حصہ خرید لے گا۔

https://p.dw.com/p/12XlO
تصویر: picture alliance/dpa

فنانشل ٹائمز کی خبر میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی اس ضمن میں بیجنگ سے پہلے ہی درخواست کر چکا ہے۔ اس خبر سے اسٹاک حصص اور یورو کی قدر میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ اٹلی کے بارے میں یہ خیال ہے کہ اس کا دیوالیہ ہونا انتہائی خطرناک ہے اور یہ کہ اس کے قرضوں کے بوجھ کو بیل آؤٹ سے بھی کم نہیں کیا جا سکتا۔

اطالوی حکام نے فنانشل ٹائمز کو بتایا ہے کہ چائنہ انوسٹمنٹ کارپ کے چیئرمین Lou Jiwei نے گزشتہ ہفتے ایک وفد کے ہمراہ روم کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے  اطالوی وزیر خزانہ گیلیو تریمونتی سے ملاقات کی تھی۔

Italien Euro Demonstration in Rom gegen Sparhaushalt
اٹلی میں حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے خلاف عوامی مظاہرے کیے جا رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اس سے قبل اطالوی حکام چائنہ انوسٹمنٹ کارپ اور چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج کا دورہ کر چکے تھے۔ چائنہ انوسٹمنٹ کارپ ایک خود مختار ویلتھ فنڈ ہے جس کے پاس 300 بلین ڈالر کے اثاثے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا تخمینہ ہے کہ چین کے 3.2 ٹریلین ڈالر کے ریکارڈ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک چوتھائی حصہ یورو اثاثوں کی شکل میں محفوظ ہے اور چینی رہنماؤں نے قرضوں کے بحران میں پھنسے ہوئے یورو زون کی حمایت کا بارہا اظہار کیا ہے۔

تاہم ابھی یہ غیر واضح ہے کہ اٹلی اور چین کے درمیان مذاکرات کے حالیہ دور کے نتیجے میں چین بڑی مالیت کے بانڈز خریدے گا۔ وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سن 2010ء میں چین کے وفود کی جانب سے یونان اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے دیگر یورپی ملکوں کے دورے کے بعد چینی سرمایہ کاری کی کچھ توقعات پیدا ہوئی تھیں، مگر بعد میں بیجنگ نے خاموشی اختیار کر لی۔

Symbolbild China Euro Währung
چین کے 3.2 ٹریلین ڈالر کے ریکارڈ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک چوتھائی حصہ یورو اثاثوں کی شکل میں محفوظ ہےتصویر: Gina Sanders/Fotolia.com

اٹلی یورو زون بحران کا مرکزِ نگاہ بن چکا ہے کیونکہ دائیں بازو کی اعتدال پسند جماعتوں پر مشتمل مخلوط حکومت معاشی نمو کو بڑھانے اور ملک کے 1.9 ٹریلین یورو کے قرضوں میں کمی کرنے کے اقدامات اٹھانے میں ابہام کا شکار ہے۔ بانڈ مارکیٹوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث روم نے کفایت شعاری کا ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد سن 2013ء تک بجٹ کو متوازن بنانا ہے۔ رواں ہفتے پارلیمان کی جانب سے خسارے میں کمی کے اقدامات کی منظوری متوقع ہے، مگر اس بات کے وسیع خدشات موجود ہیں کہ ان سے اٹلی کی پہلے ہی کمزور نمو مزید متاثر ہو سکتی ہے۔ پیر کو وزیر اعظم سلویو برلسکونی نے وعدہ کیا تھا کہ 54 بلین یورو پر مشتمل بچتی اقدامات کے پیکج کو فوری طور پر اور بغیر تبدیلیوں کے منظور کر لیا جائے گا۔

اٹلی کی جانب سے اپنے طویل المیعاد قرضوں کی نیلامی مارکیٹ کے مزاج کا امتحان ہو گی۔ اگست کے اختتام پر اٹلی کے دس سالہ بانڈز کی طویل المیعاد فروخت کی مانگ انتہائی کم رہی تھی۔

پیپلز بینک آف چائنہ کے سابق ڈپٹی گورنر Wu Xiaoling نے منگل کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ یورپ کے قرضوں کے بحران پر سرمایہ کاروں کا اضطراب غیر ضروری ہے اور چین مارکیٹ میں اعتماد بڑھانے کے لیے دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ 

مارکیٹ میں اس بات کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ مختلف ملکوں کی درجہ بندی کرنے والی ریٹنگ ایجنسی موڈیز رواں ہفتے اٹلی کے قرضوں کی درجہ بندی میں کمی کر سکتی ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں