1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز: آسٹریلیا سیریز برابر کرنے کے قریب

18 دسمبر 2010

پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پرانگلش ٹیم نے اپنی دوسری اننگزمیں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر81 رنز بنالئے ہیں۔ اسے یہ میچ جیتنے کے لئے مزید 310 رنز درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو پانچ وکٹیں۔

https://p.dw.com/p/QfNL
مائیک ہسی کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہےتصویر: AP

پانچ ٹیسٹ میچوں پرمبنی ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلش ٹیم کے بلے باز اپنی دوسری اننگز میں بھی ناکام ہو گئے ہیں۔ اینڈریو سٹراؤس 15، کوک 13، ٹروٹ 31، پیٹرسن 3 جبکہ کولنگ ووڈ 11 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلی اننگز میں انگلینڈ نے تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 187 رنز بنائے تھے۔

کولنگ ووڈ تیسرے دن کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ وہ ہیرس کی ایک عمدہ گیند پرسٹیون سمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔ انگلش اوپنرز جب 391 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لئے پرتھ کے تاریخی گراؤنڈ میں اترے تو وہ کچھ پریشان محسوس ہو رہے تھے۔ ابتداء سے ہی آسٹریلوی بولروں نے اپنا پریشر برقرار رکھا۔ تیسرے دن کے اختتام تک ہیرس اور جانسن نے دو دو جبکہ ہیلفن ہاؤس نے ایک وکٹ حاصل کر رکھی ہے۔

Cricket - England gegen Indien
انگلش اوپنر کوک ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئےتصویر: AP

اس وقت انگلش بولر جیمز اینڈرسن کریز پر موجود ہیں۔ انگلش ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لئے مزید 310 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل جب تیسرے دن آسٹریلیا نے اپنے دوسرے دن کے سکور 119 تین کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو شین واٹسن اور مائیک ہسی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ہسی نے اپنے 24 سکور کو سنچری میں بدلا اور 116 رنز کے انفردی سکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ واٹسن ایک مرتبہ پھر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ وہ 95 رنز بنانے میں ہی کامیاب ہو سکے۔

ان دونوں کے بعد کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز خاص کھیل پیش نہ کر سکا اور پوری ٹیم 309 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ انگلش بولر ٹریملٹ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سٹیون فِن نے تین۔ اس وقت پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشزسیریز میں انگلینڈ کی ٹیم ایک صفر کی برتری حاصل کئے ہوئے ہے۔ تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہوئے یہ سیریز برابر کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

رواں ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ برسبین میں کھیلا گیا تھا جو بغیر سی نتیجے کے ہی ختم ہو گیا تھا جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور اکہتر رنز سے مات دی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں