1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز سیریز: انگریز بالروں کی شاندار پرفارمنس

3 دسمبر 2010

ایشز ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگریز بالروں کی عمدہ باؤلنگ نے میزبان آسٹریلوی ٹیم کے گھٹنے نیچے لگا دیئے ہیں۔ امکان ہے کہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں بھاری برتری لے سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/QOlc
تصویر: AP

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کا پہلا اوور ہی میچ کے پہلے دن کا رخ متعین کرگیا۔ اینڈرسن کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر سائمن کیٹچ اپنا کھاتہ کھولنے سے قبل ہی رن آؤٹ ہو کر پیویلیئن لوٹ گئے اور اس کی اگلی ہی گیند پر کپتان رکی پونٹنگ بغیر کوئی سکور بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔ کچھ ہی دیر بعد نائب کپتان مائیکل کلارک بھی وکٹ گنوا کر اپنے کپتان پونٹنگ کے پاس ڈریسنگ روم میں آن بیٹھے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں سینچری سکور کرنے والے مائیک ہسی اور وکٹ کیپر براڈ ہاڈن کے علاوہ شین واٹسن کی نصف سینچریوں کی بدولت آسٹریلوی ٹیم دو سو سکور کو پار کرنے کے قابل ہو سکی۔ ہسی 93 کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔ وہ محض سات رنز کی کمی سے سینچری بنانے سے محروم رہے۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 245 کے سکور پر آؤٹ ہوئی۔ انگلش ٹیم کے بالر اینڈرسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی ٹیم کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ میچ کے پہلے دن انگریز ٹیم کی فیلڈنگ بھی عمدہ تھی۔

برسبین شہر کے گابا میدان کی طرح ایڈیلیڈ کا کرکٹ اسٹیڈیم بھی ایشز ٹیسٹ سیریز میں انگریز ٹیم کے لئے کوئی خوش قسمت گراؤنڈ خیال نہیں کیا جاتا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اینڈریو سٹراؤس کی ٹیم اس بار ایسے تمام خدشات کو ختم کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ سٹراؤس کی ٹیم میں پرفارمنس دینے والے بلےبازوں اور گیند بازوں سے سجی ہوئی ہے۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
پونٹنگ اور سٹراؤس: ایشز ٹرافی کے ہمراہتصویر: AP

دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو آسٹریلوی ٹیم کو ہوم کراؤڈ کا فائدہ ضرور حاصل ہے لیکن اس کی بیٹنگ اور بالنگ دونوں کمزور ہیں۔ رکی پونٹنگ کی کارکردگی رُوبہ زوال ہے۔ کلارک بھی مسلسل پرفارمنس کے کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوتے۔ مرد بحران ہسی (Hussy) ضرور اپنا حصہ ادا کرنے کے لئے موجود ہیں۔ اس کے مقابلے میں انگریز کپتان اینڈریو سٹراؤس کی قیادت میں انتہائی متوازن کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں میں توازن ایشز سیریز میں میزبان آسٹریلوی ٹیم کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کا ثبوت پہلے ٹیسٹ میچ میں دیکھا گیا ہے۔

روایتی ایشز سیریز کا ایڈیلیڈ اوول میں جاری ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن یقینی طور پر اس میچ کی سمت متعین کرے گا۔ اگر آسٹریلوی بالر بولنجر، سِڈل اور ہیرس اپنی سوئنگ سے انگریز بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو یہ میزبان ٹیم کی بڑی کامیابی ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں