ایشیا میں ایڈز کے خلاف جنگ: سویڈن کا نیا عطیہ
27 دسمبر 2010فلپائن کےدارالحکومت منیلا میں، جہاں ایشیائی ترقیاتی بینک ADB کا صدر دفتر قائم ہے، اس مالیاتی ادارے کی طرف سے پیر کے روز بتایا گیا کہ سویڈن کے اس تازہ فیصلے کے بعد 2005 سے اب تک ایشیا میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے خلاف جنگ کے لئے قائم کئے گئے اس فنڈ میں سٹاک ہولم کی جانب سے مہیا کی گئی امداد کی مجموعی مالیت 19.3 ملین ڈالر ہو گئی ہے۔
ADB کے Co-financing Operations آفس کے صدر تاداشی کونڈو کا کہنا ہے کہ یہ ٹرسٹ اپنے ممبر ممالک کے لئے ایچ آئی وی اور ایڈز کے خلاف کئے جانےوالے اقدامات میں مدد کی فراہمی میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاداشی کونڈر مزید کہتے ہیں: ’’یہ ٹرسٹ فنڈ مختلف ممالک کے درمیان اشتراک عمل اور بات چیت کی حمایت کرتا ہے، جس کی وجہ سے مزید نتیجہ خیز اور بامعنی اقدامات سامنے آتے ہیں۔‘‘
ایشیائی بینک کے مطابق بر اعظم ایشیا کے ایک بڑے حصے میں ابھی بھی ایچ آئی وی اور ایڈز ایک وباء کی صورت میں موجود ہے اور اس براعظم میں HIV وائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد تقریباﹰ 4.9 ملین بنتی ہے۔ بینک کا مزید کہنا ہے کہ یہ وائرس ایسے ممالک میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے، جہاں اب تک اس کا پھیلاؤ بہت سست رفتار سمجھا جاتا تھا۔ ان ممالک میں آرمینیا، بنگلہ دیش، جارجیا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور فلپائن شامل ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے قائم کیا گیا یہ فنڈ مختلف ممالک میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے خلاف قومی اور علاقائی سطح پر مؤثر اقدامات کو ممکن بنانے کے لئے عطیات فراہم کرتا ہے۔ یہ رقوم عام طور پر بڑی ترقیاتی ایجنسیوں کے ساتھ اشتراکی عمل کی صورت میں مہیا کی جاتی ہیں۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: مقبول ملک