ایلون مسک نے دورہ بھارت ملتوی کرنے کا اعلان کردیا
20 اپریل 2024ایلون مسک نے اپنا بھارت کا طے شدہ دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ارب پتی اس دورے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے۔ مسک نے اپنی کار ساز کمپنی ٹیسلا کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد اس سال کے آخر میں اس دورے کو دوبارہ شیڈول کرنا ہے۔ مسک نے اپنے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''بدقسمتی سے ٹیسلا کی بہت بھاری ذمہ داریوں کا تقاضہ ہے کہ بھارت کا دورہ ملتوی کیا جائے لیکن میں اس سال کے آخر میں یہ دورہ کرنے کا بہت زیادہ منتظر ہوں۔‘‘
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ہفتے کے روز اس معاملے سے واقف چار افراد کے حوالے سے التوا کی اطلاع دی۔ روئٹرز نے کے مطابق اس سفر میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں داخل ہونے کے منصوبوں کا اعلان شامل ہونا تھا۔ اس وقت ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور بھارتی وزیر اعظم دونوں ہی ایک نازک موڑ پر ہیں۔
ٹیسلا مہینوں سے اپنے حصص کی قیمتوں میں کمی اور اپنی عالمی افرادی قوت کے دس فیصد سے زیادہ کو ملازمتوں سے فارغ کر دینے سے متعلق خبروں کے اثرات کو زائل کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے بھارت میں اپنے ممکنہ اعلانات کا استعمال کر سکتی تھی۔
ایلون مسک کو منگل کے روز کمپنی کے سہ ماہی نتائج کا اعلان کرنے کے موقع پر تجزیہ کاروں کی جانب سے ٹیسلا کاروں کی گرتی ہوئی فروخت، چینی الیکٹرک کار سازوں سے بڑھتی ہوئی مسابقت اور ٹیسلا کی مستقبل کی اہم مصنوعات کی قسمت کے بارے میں سخت سوالات کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔
اگر ایلون مسک اپنا دورہ ملتوی نہ کرتے تو وہ بھارت کے قومی انتخابات کے آغاز کے دو دن بعد اتوار کو دنیا کی اس سب بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک میں پہنچے ہوتے، جہاں نریندر مودی کی بطور وزیر اعظم تیسری بار غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مودی بھارت کو عالمی مینوفیکچرنگ کا گڑھ بنانے کے وعدوں کی طرف اپنی پیش رفت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ روئٹرز کی طرف سے دس اپریل کو مسک کے بھارت کے سفر ی منصوبے کی اطلاع دینے کے بعد مسک نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ ''بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے منتظر ہیں!‘‘
توقع کی جا رہی تھی کہ مسک نئی دہلی میں اپنی موجودگی کے دوران دو سے تین بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔ ان اعلانات میں پر بھارت میں ٹیسلا کا ایک کارخانہ قائم کرنے کا اعلان بھی متوقع تھا۔ ان کی نئی دہلی میں کئی خلائی اسٹارٹ اپس کے ایگزیکٹوز سے ملاقات کی بھی توقع تھی۔ مسک دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اپنی سٹار لنک سیٹلائٹ براڈ بینڈ خدمات کی پیشکش شروع کرنے کے لیے بھارتی حکومت کی ریگولیٹری منظوی کے بھی منتظر ہیں۔
ش ر⁄ ع ب (روئٹرز)